شوبز ڈائری: رنویر سنگھ کے لیے ایوارڈ بھی اور مجسمہ بھی

آئی فا

،تصویر کا ذریعہGetty Images

    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

اس سال انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی یعنی آئیفا ایوارڈ ممبئی میں ہوئے اور رنویر سنگھ کو فلم 'پدما وت'میں مسلمان حکمران علاؤالدین خلجی کے کردار کے لیے بہترین اداکار جبکہ عالیہ بھٹ کو فلم ’راضی‘ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔

اس کے علاوہ دپیکا اور رنبیر کپور کو بھی خصوصی ایوارڈ ملے۔ وکی کوشل کو فلم 'سنجو' میں معاون اداکار کا ایوارڈ ملا۔

آئیفا میں اس سال سلمان سے لے کر کترینہ اور سارہ علی خان سے لے کر وکی کوشل تک سبھی نے اپنے فن کا مظاہرہ بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیے

ایوارڈز کی تقریب میں جہاں دپیکا اور رنویر سنگھ ایک دوسرے میں گم نظر آئے وہیں ریڈ کارپیٹ پر نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے سلمان خان نے ایک بار پھر کہا کہ وہ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم انشااللہ نہیں کر رہے۔

تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ کیا وہ اس دعوے کو واقعی پورا کر پائیں گے یا نہیں کیونکہ فلم کک ٹو کے لیے فلمساز ساجد ناڈیاڈ والا ابھی تیار نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سلمان جیسے بڑے فلم سٹار کے لیے فلم بنانے میں میں جلدبازی کرنا ٹھیک نہیں ہے۔

عالیہ بھٹ

،تصویر کا ذریعہPUNIT PARANJPE

رنویر کا مومی مجسمہ

آئیفا میں ایوارڈ پانے والے رنویر سنگھ بھی اب مادام تساڈ میں بالی وڈ ستاروں کی بھیڑ میں نظر آنے والے ہیں۔

اب ان کا مجسمہ بھی ان کی بیگم دپیکا پادوکون کے ساتھ اس مومی مجسموں کے عجائب گھر میں دیکھا جا سکتا ہے۔

رنویر جو پہلے ہی کافی جوشیلے ہیں، آئیفا کے سٹیج پر پرجوش انداز میں سب کو یہ خوشخبری سنا رہے تھے۔

اور ساتھ ہی 'مائی وائف دپیکا' کے ساتھ اس میوزیم کا حصہ بننے کے اپنے خواب کے شرمندہ تعبیر ہونے پر میوزیم کی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کرتے نہیں تھک رہے تھے۔

رادھیکا آپٹے

،تصویر کا ذریعہGetty Images

دوسروں سے مختلف رادھیکا آپٹے

اداکارہ رادھیکا آپٹے دوسری ہیروئنز سے ہمیشہ سے ہی مختلف رہی ہیں۔ وہ ماڈلِنگ سے نہیں بلکہ تھیٹر سے فلم انڈسٹری میں آئیں اور اب تک ہندی کے ساتھ ساتھ تیلگو، بنگالی، ملیالم اور انگلش فلموں میں کام کر چکی ہیں۔

رادھیکا نے کچھ عرصے پہلے ویب ٹی وی سیریز سیکرٹ گیمز اور اس کے بعد 'لسٹ سٹوریز ' میں مرکزی کردار نبھا کر اپنی الگ پہچان بنانے کی کوشش کی ہے۔

'لسٹ سٹوریز 'میں اپنے کردار کے لیے رادھیکا کو انٹرنیشنل ایمی ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔

اس سے پہلے رادھیکا کی فلم ’پیڈ مین‘ اور ’اندھادھن‘ کو نیشنل ایوارڈ مل چکے ہیں۔

رادھیکا کو اس دور کی باصلاحیت اداکاراؤں میں سے ایک کہا جاتا ہے اور اس نامزدگی سے انھوں نے اس بات کو ثابت کر دیا ہے۔