شوبز ڈائری: عمران ہاشمی ’دوسرے رولز‘ کرنے کے خواہشمند اور کرینہ کپور کے بیٹے تیمور کی کہانیاں

عمران ہاشمی، بالی وڈ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنعمران ہاشمی کہتے ہیں کہ اب وہ بطور اداکار اس شبیہہ کو توڑ کر مختلف اور چیلنجِنگ رول کرنا چاہتے ہیں
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

کچھ لوگ بیچارے اپنے امیج کے مارے ہوتے ہیں اور ایسا ہی ایک نام ہے اداکار عمران ہاشمی کا۔

فلموں میں دوسروں کی بیویوں کو گمراہ کرنے والے اور ’سیریل کِسر‘ کی ان کی شبیہ جیسے ان کی شخصیت کے ساتھ جڑ سی گئی ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ انھیں ہمیشہ ایک ہی طرح کے کردار آفر ہوتے ہیں۔

عمران ہاشمی آج کل اپنی فلم ’باڈی‘ کا پروموشن کر رہے ہیں جو ایک کرائم تھرلر ہے اور اِسی نام کی ہسپانوی فلم کا ری میک ہے۔

روزنامہ ہندوستان ٹائمز کے ساتھ بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ سیریل کسر کی ان کی امیج نے انھیں کافی فائدہ پہنچایا ہے لیکن اب وہ بطور اداکار اس شبیہ کو توڑ کر مختلف اور مشکل کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ عمران کا کہنا تھا کہ لوگ مجھے گھر توڑنے والا سمجھتے ہیں لیکن درحقیقت میں ایک اچھا انسان ہوں اور دوسرے رولز بھی کر سکتا ہوں۔

عمران شاید یہ بھول رہے ہیں کہ ان کی یہ امیج ان کے ماموں مہیش بھٹ اور مکیش بھٹ نے بنائی ہے۔ ویسے عمران اپنی اس شبیہہ کو توڑنے کی کامیاب کوشش کرتے نظر آ رہے ہیں اور اگلی فلم باڈی کے ساتھ ساتھ چہرے اور ممبئی ساگا جیسی فلمیں کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

شوبز سے وابستہ لوگوں کو ہر جگہ کیمرے کے سامنے رہنے کی عادت ہوتی ہے چاہے وہ فلم کی شوٹنگ میں ہو یا اصل زندگی میں، حالانکہ کبھی کبھی یہ لوگ بھی مسلسل پیچھا کرتے ان کیمروں سے تنگ بھی نظر آتے ہیں لیکن پھر بھی یہ کیمرے ان کا تعاقب کرنا نہیں چھوڑتے۔

جب بات ان مشہور شخصیات کے بچوں کی آتی ہے تو میڈیا کی دلچسپی ان میں دس گنا بڑھ جاتی ہے، چاہے وہ ایشوریہ رائے اور ابھیشیک بچن کی بیٹی آرادھیا ہو یا پھر انڈسٹری کے ننھے ہیرو تیمور علی خان کی جو کرینہ کپور اور سیف علی خان کے صاحبزادے ہیں۔

حال ہی میں ویب سائٹ پِنک ولا کے ساتھ انٹرویو میں کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ تیمور کا پیچھا کرتے کیمرے کبھی کبھی ان کے ساتھ ساتھ تیمور کو بھی پریشان کرتے ہیں لیکن وہ وہ فوٹو گرافروں سے تیمور کا منھ نہیں چھپا سکتیں۔

کرینہ نے یہ بھی بتایا کہ اکثر انھیں منفی جملے سننے پڑتے ہیں، جیسے پہلے ان سے کہا جاتا تھا شادی کیوں کر رہی ہو اور اب کبھی کوئی کہتا ہے کہ یہ اپنے بچے کے ساتھ کیوں نہیں ہے، کام کیوں کرتی ہو، بچے کے ساتھ کیوں نہیں ہو وغیرہ۔

کرینہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کو یہ احساس کروانا چاہتی ہیں کہ اس کی ماں ایک ’ورکِنگ مدر‘ ہے اور اس کے پاپا کی طرح وہ بھی محنت کرتی ہیں تاکہ عورتوں کے لیے اس میں مزید عزت پیدا ہو۔

کرینہ کپور، سیف علی خان، تیمور علی خان، بالی وڈ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنکرینہ کپور اور سیف علی خان اپنے بیٹے تیمور علی خان کے ساتھ

اپنی شادی کے بارے میں کرینہ نے بتایا کہ جب سیف علی خان نے انھیں پہلی مرتبہ شادی کی پیشکش کی تو انھوں نے کوئی صاف جواب نہیں دیا تھا۔

کرینہ کا کہنا تھا کہ 2013 میں جب وہ یونان میں سیف کے ساتھ فلم ٹشن کی شوٹنگ کر رہی تھیں تو سیف نے کہا تھا کہ ہم دونوں کو شادی کر لینی چاہیے۔

کرینہ کے مطابق سیف نے ایک بار لداخ میں بھی شوٹنگ کے دوران ان سے کہا تھا کہ ہماری جوڑی بہت اچھی رہے گی، لیکن کرینہ کا جواب تھا کہ ’میں آپ کو ابھی اچھی طرح نہیں جانتی۔‘ کرینہ کہتی ہیں کہ یہ انکار نہیں تھا بلکہ وہ سیف کو مزید جاننا چاہتی تھیں۔ کرینہ کا کہنا تھا بعد میں وہ سیف کی محبت میں پوری طرح ڈوب چکی تھیں۔

کرینہ کہتی ہیں کہ سیف سے شادی ان کی زندگی کا سب سے اچھا فیصلہ تھا۔