بالی وڈ ڈائری: رتک روشن کا فلرٹ یا 'ریٹنگ بڑھانے کا گھٹیا طریقہ'

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty Images
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
بالی وڈ اداکار ابھشیک بچن تقریباً ڈھائی سال بعد فلموں میں واپسی کر رہے ہیں اس ہفتے ان کی فلم 'من مرضیاں' ریلیز ہوئی ہے۔
فلم انوراگ کشیپ نے بنائی ہے جو بہت سنجیدہ فلمیں بنانے کے لیے مشہور ہیں لیکن اس بار وہ یکسر مختلف قسم کی فلم لے کر آ رہے ہیں۔
اب تک انوراگ کشیپ نے 'گینگز آف واسع پور،' 'لنچ باکس،' 'گلال،' 'شاہد' اور 'بامبے ٹاکیز' جیسی فلمیں بنائی ہیں۔ لیکن یہاں ابھشیک بچن کی بات ہو رہی ہے جو 'ہاؤس فل تھری' کے بعد سے کام کے منتظر تھے اور اب اس فلم سے انھیں کافی امیدیں ہیں اور لوگوں کو انوراگ کشیپ سے۔
امید ہے یہ فلم ابھشیک کے لیے دوسری فلموں کے راستے کھولے گی۔ فلم 'من مرضیاں' ٹورانٹو فلمی میلے میں 'ہزبنڈ مٹیریل' کے نام سے شامل کی گئی۔

،تصویر کا ذریعہManmarziyan
اس موقعے پر ابھشیک بچن فلم کی کاسٹ کے ساتھ ٹورانٹو پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹورانٹو سے ان کا خاص تعلق ہے اور پچھلی بار جب وہ یہاں آئے تھے تو انھوں نے اپنی بیگم ایشوریہ کو یہیں پروپوز کیا تھا۔
ابھشیک نے بتایا کہ اس مرتبہ جب وہ ٹورانٹو آ رہے تھے تو ایشوریہ نے ان سے کہا تھا کہ اس بار ایسا کوئی کام نہ کریں۔ ایشوریہ شاید بھول رہی ہیں کہ اپنی فلم کے نام کی طرح ابھشیک بچن واقعی 'ایک اچھے ہزبنڈ مٹیریل' ہیں اور ویسے بھی بچے اپنے والدین کی غلطیاں نہ ہی دہرائیں تو بہتر ہے۔

،تصویر کا ذریعہBADHAIHO
بالی وڈ کا یہ دور خاصا عجیب بھی ہے اور دلچسپ بھی جہاں ہر طرح کی فلمیں بن بھی رہی ہیں اور کامیاب بھی ہو رہی ہیں۔ جیسے 'پیڈ مین،' 'سیکریٹ سپر سٹار،' 'وکی ڈونر' وغیرہ۔
ایسی ہی فلموں میں سے ایک فلم کا ٹریلر اس ہفتے دیکھنے کا اتفاق ہوا۔ فلم کا نام 'بدھائی ہو' ہے۔ بدھائی ہو میں بھی وکی ڈونر کے ہیرو ایوشمان کھرانا ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فلم میں جوان بچوں کی ایک ادھیڑ عمر ماں حاملہ ہو جاتی ہے اور اس ماں کا جوان بیٹا کسی طور اس بات کو تسلیم نہیں کر پا رہا کہ آخر اس عمر میں اس کے ماں باپ نے ایسا کیوں کیا یا یوں کہا جائے ایسا کیوں ہوا۔
فلم میں طنز و مزاح کے تڑکے ہیں۔ فلم 19 اکتوبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty Images
شو بز اور افواہوں کا جیسے چولی دامن کا ساتھ ہے۔ کبھی یہ افواہیں غلط ہوتی ہیں تو کبھی درست۔
اب اسے خبر کہیں یا افواہ کہ اداکارہ دیشا پٹانی نے فلسماز سدھارتھ آنند کی فلم اس لیے چھوڑی ہے کیونکہ فلم کے ہیرو رتک روشن نے ان کے ساتھ فلرٹ کرنے کی کوشش کی تھی۔
دیشا اور رتک بھی اس خبر کی تردید کر چکے ہیں لیکن بات اگر دیشا کی ہو تو ٹائیگر شروف کہاں خاموش رہنے والے ہیں۔ ٹائیگر جو رتک کے مداح ہیں ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک گھٹیا افواہ ہے اور ایسا کچھ نہیں ہوا۔
رتک نے ایک ٹویٹ میں اسے ٹی آر پی بڑھانے کا گھٹیا طریقہ قرار دیا ہے۔ دیشا اداکار ٹائیگر شروف کی قریبی دوست ہیں اور ان کے ساتھ 'باغی ٹو' جیسی ہٹ فلم دے چکی ہیں۔
آج کل دیشا پٹانی بالی وڈ کے سپر سٹار سلمان خان اور قطرینہ کیف کی فلم 'بھارت' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔










