ماہرہ خان کانز فلم فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ پر

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے فرانس کے شہر کانز میں جاری فلم فیسٹیول میں گذشتہ روز ریڈ کارپٹ پر قدم کیا رکھا کہ سوشل میڈیا پر ان کا نام ٹرینڈ کرنے لگا۔
ریڈ کارپٹ پر قدم رکھنے سے قبل ہی ماہرہ خان نے اپنے منفرد اور غیر معمولی لباس و انداز سے کانز میں اپنی موجودگی کا احساس دلا دیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ان کے مداح کے علاوہ فلمی شخصیتوں نے کانز میں ان کی پہلی بار شرکت کا خیر مقدم کیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ سال فیشن برانڈ 'لا اوریئل' نے انھیں سائن کیا تھا اور رواں سال وہ لا اوریئل کی دیگر برانڈ ایمبیسڈرز کے ساتھ وہاں نظر آئیں۔
ماہرہ خان کے علاوہ بالی وڈ اداکارہ کنگنا راناوت بھی اس بڑے فلمی میلے میں پہلی بار شرکت کر رہی ہیں۔
اس سے قبل ایشوریہ رائے بچن اور دیپکا پاڈوکون ریڈ کارپٹ پر اپنے جلوے بکھیر چکی ہیں۔ لیکن گذشتہ روز ماہرہ خان اور بالی وڈ اداکارہ سونم کپور نے ریڈ کارپٹ کو رونق بخشی۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سونم کپور نے ماہرہ سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ اپنی ایک تصویر بھی ٹویٹ کی۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/Sonamkapoor
33 سالہ ماہرہ نے خبررساں ادارے روئٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا: کم از کم میرے لیے یہ بڑی بات ہے اور میرے ملک کے لیے تو ہے ہی ۔۔۔ تمام لوگوں کی نظریں مجھ پر ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انھوں نے مزید کہا: 'پاکستان کے بہت سے رنگ ہیں اور ہم جیسے فنکاروں، موسیقاروں، اداکاروں اور مصنفوں کا ملک سے باہر سفر کرنا دوسرے لوگوں کو ہمارے بارے میں بہتر جاننے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ماہرہ خان کے ملبوسات پاکستانی ڈیزائنروں نے ڈیزائن کیا ہے اور انھوں نے ریڈ کارپٹ پر آنے سے قبل جو ساڑھی پہنی تھی وہ مناحل اور مہرین نے ڈیزائن کی تھی۔ ماہرہ نے اپنی تصویر کا عنوان 'کھجور والی چوٹی' دیا تھا۔
ماہرہ خان نے ابھی تک کم سے کم میک اپ کا استعمال کیا ہے اور اس لیے بھی ان کی تعریف ہو رہی ہے۔
ماہرہ خان کو کئی انداز میں دیکھا گیا اور انھوں نے اپنی تصویریں بھی پوسٹ کی ہیں لیکن انھوں نے یہ اعتراف بھی کیا ہے کہ وہ آج کے بچوں کی طرح جلدی جلدی بہت سی تصویریں اپ لوڈ کرنے سے قاصر ہیں۔
ماہرہ خان کو 'ہم سفر' ٹی وی سیریل سے مقبولیت ملی اور پھر انھوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم رئیس میں کام کیا۔
حال میں بالی وڈ اداکار رنبیر کپور کے ساتھ ان کی تصاویر تنازعے کا باعث بنی تھیں۔
ان کی فلم 'ورنہ' کی کامیابی کے بعد اب ان کی فلم 'سات دن محبت ان' آنے والی ہے۔











