میں صوفی مسلک پر عمل کرتا ہوں :اے آر رحمان

اے آر رحمان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشناے آر رحمان کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کے اہل خانہ صوفی مسلک میں یقین رکھتے ہیں اور اسی پر عمل پیرا ہیں

آسکر اور گریمی جیسے باوقار ایوارڈز سے سرفراز انڈیا کے معروف موسیقار اے آر رحمان نے موسیقی کی دنیا میں 25 سال پورے کر لیے ہیں۔

انھوں نے اس موقع پر اپنے مذہبی عقیدے کے متعلق کہا کہ اس سے انھیں اپنے کیریئر کی تشکیل کرنے اور اسے متعارف کروانے میں مدد ملی ہے۔

اے آر رحمان نے موسیقی کی دنیا میں اپنے 25 سال پورے کرنے کے موقعے پر عالمی نیوز ایجنسی روئٹرز کو دیے جانے والے خصوصی انٹرویو میں یہ باتیں کہیں۔

اے آر رحمان نے 23 سال کی عمر میں سنہ 1989 میں اسلام قبول کیا تھا۔ اے آر یعنی اللہ رکھا رحمان نے کہا کہ ان کے لیے اسلام کا مطلب سادہ طریقے سے زندگی جینا اور انسانیت اہم ترین ہیں۔

انھوں نے اس انٹرویو میں کہا: 'اسلام ایک سمندر ہے۔ اس میں 70 سے زیادہ فرقے ہیں۔ میں صوفی مسلک پر عمل کرتا ہوں جس میں محبت کو بڑی اہمیت ہے۔ جو بھی ہوں وہ اسی کی وجہ سے ہوں۔ اور اسی پر میں اور میرا خاندان عمل پیرا ہے۔'

اے آر رحمان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشناے آر رحمان کو ابھی تک دو آسکر ایوارڈز مل چکے ہیں

انھوں نے مزید کہا کہ 'بظاہر بہت سی چیزیں ہو رہی ہیں اور میں محسوس کرتا ہوں کہ یہ زیادہ تر سیاسی نوعیت کی حامل ہیں۔'

ہندوستان میں صوفیوں کی عظیم الشان تاریخ رہی ہے۔ صوفی نظریہ دور جدید میں اسلام کی ایک غیر متشدد شکل ہے جو مذہب کی روحانی قوت کو پیش کرتی ہے۔

خیال رہے کہ 50 سال کے اس عظیم موسیقار کو اب تک دو آسکر، دو گریمی اور ایک گولڈن گلوب ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔

اے آر رحمان نے سینکڑوں فلموں میں موسیقی دی ہیں۔ ان میں آسکر ایوارڈ یافتہ فلم 'سلم ڈاگ ملنیئر' کے ساتھ 'لگان' اور 'تال' جیسی فلمیں شامل ہیں۔

اے آر رحمان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشناے آر رحمان نے فلم روزا کی میوزک سے شہرت کی بلندیوں پر قدم رکھنا شروع کیا تھا

اے آر رحمان نے دنیا بھر کے بڑے فنکاروں کے ساتھ کام کیا ہے۔ کم بولنے والے آرٹسٹ اے آر رحمان نے کہا کہ انھیں امید ہے کہ موسیقی لوگوں کو ساتھ لانے میں مدد دے گی۔

اے آر رحمان نے کہا: 'اگر آپ ایک آرکسٹرا میں ہوتے ہیں تو آپ کو خصوصی قسم کا حق حاصل ہوتا اور نہیں بھی ہوتا ہے کیونکہ آپ بہت سے دوسرے فنکاروں کے ساتھ میں پرفارم کر رہے ہوتے ہیں۔ ایک ساتھ پرفارم کرنے کا مطلب بیک وقت مختلف قسم کی ریس میں دوڑنا ہے۔ ہم لوگ مختلف مذاہب سے تعلق رکھتے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ پرفارم کرتے ہیں۔ ہمارے اندر سے ایک ہی آواز آتی ہے اور ایک ہی لے اور سر میں کام کرتے ہیں۔'