اکشے بہترین اداکار تو سونم اور اجے کی فلمیں بہترین

اکشے، اجے اور سونم

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشناکشے کمار کو بہترین اداکار کا ایوارڈ ملا تو سونم کپور کی فلم نیرجا کو بہترین فلم قرار دیا گیا

بالی وڈ کے 'کھلاڑی' کہے جانے والے اداکار اکشے کمار کو 64 ویں نیشنل فلم ایوارڈز میں فلم 'رستم' کے لیے بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے جبکہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملیالم فلم کی اداکارہ سربھی لکشمی کو فلم 'مننامیننگو' کے لیے دیا گیا ہے۔

بہترین فلم کا ایوارڈ سونم کپور کی اداکاری والی فلم 'نیرجا' کو دیا گیا جبکہ اجے دیوگن کی ہدایت میں بننے والی فلم 'شیوائے' کو سپیشل ایفیکٹس والی بہترین فلم قرار دیا گیا۔

اکشے کمار کو بہترین اداکار کا ایوارڈ دیے جانے پر سوشل میڈیا میں تنقید جاری ہے اور اس ایوارڈ کو سیاسی قرار دیا جا رہا ہے۔

بہر حال ٹوئٹر پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اکشے کمار نے ایک ویڈیو جاری کیا ہے جس کے ساتھ یہ لکھا ہے کہ وہ 'شدت جذبات سے مغلوب ہیں' اور اس وقت ان کے پاس شکریے کے لائق الفاظ نہیں ہیں تاہم انھوں نے شکریہ ادا کرنے کی کوشش کی ہے۔

پنک

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنفلم پنک کو سماجی موضوع کو اجاگر کرنے والی فلم کے طور پر سراہا گيا

عامر خان کو بہترین اداکار کا ایوارڈ تو نہ مل سکا لکین کشمیر کی زائرہ وسیم کو فلم 'دنگل' کے لیے بہترین معاون اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

انھوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جیوری، اپنے اہل خانہ، عامر خان اور نتیش کا شکریہ ادا کیا ہے۔

کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ نے ٹوئٹر پر زائرہ وسیم کو مبارکباد دی ہے۔

ایک بیان میں زائرہ نے کہا: 'اپنی پہلی ہی فلم کے لیے اس بڑے اعزاز کا ملنا حوصلہ افزا ہے اور یہ میرے لیے مزید سخت محنت کرنے کی تحریک ہے۔'

زائرہ وسیم

،تصویر کا ذریعہFACEBOOK/ZAIRAWASEEM

،تصویر کا کیپشنزائرہ وسیم کو ان کی کامیابی پر چہار جانب سے مبارکباد پیش کی جا رہی ہے

سماجی موضوع پر مبنی بہترین فلم کا ایوارڈ امیتابھ بچن کی اداکاری والی فلم 'پنک' کو دیا گیا جبکہ بچوں کی بہترین فلم کا ایوارڈ ہندی فلم 'دھنک' کو دیا گيا۔

جیوری نے بطور خاص ہندی فلم 'کڑوی ہوا'، مکتی بھون اور آسامی فلم 'مجیرتھی کیکی' کا تذکرہ کیا جبکہ فلم 'نیرجا' میں نیرجا کے کردار کے لیے اداکارہ سونم کپور کا بھی بطور خاص ذکر کیا گیا۔

ان ایوارڈز کا اعلان جمعے کو کیا گیا۔ 64 ویں نیشنل فلم ایوارڈ کے لیے 300 سے زیادہ فلموں پر غور کیا گیا اور اس کے لیے مارچ کے وسط سے ٹیم نے کام کرنا شروع کیا تھا۔