کیا سونم عالیہ کی کامیابی سے ناخوش ہیں؟

سونم کپور

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنسونم کپور کو فلم نیرجا میں اداکاری کے لیے بہت سارے انعامات سے نوازا جا چکا ہے

بالی وڈ میں نئی نسل کی اداکاراؤں میں سخت مقابلہ نظر آ رہا ہے اور اس دفعہ یہ مقابلہ بظاہر اداکارہ سونم کپور اور عالیہ بھٹ کے درمیان ہے۔

اس بار بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کے لیے معروف اداکار انیل کپور کی بیٹی سونم کپور اور ڈائریکٹر اور فلم ساز مہیش بھٹ کی بیٹی عالیہ بھٹ کے درمیان مقابلہ تھا۔

اس سے قبل بالی وڈ میں یہ مقابلہ پرینکا چوپڑہ اور دیپکا پاڈوکون کے درمیان نظر آتا رہا اور اس سے پہلے یہ مقابلہ ایشوریہ رائے، کرینہ کپور، قطرینہ کیف اور سشمیتا سین کے درمیان نظر آتا تھا۔

سونم کپور کو زیادہ تر ایوارڈز فلم نیرجا میں اداکاری کے لیے ملے جبکہ بہترین اداکارہ کا ایک ایوارڈ عالیہ بھٹ کو بھی ملا۔

عالیہ بھٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنعالیہ بھٹ کو فلم اڑتا پنجاب میں اداکاری کے لیے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا

سونم کپور کا کہنا تھا کہ 'صرف ایک ایوارڈ کے علاوہ تمام ایوارڈز کمیٹی نے فلم 'نیرجا' میں میری اداکاری کو سراہا۔'

لیکن انڈیا کے سب سے معروف 'فلم فیئر ایوارڈز' میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ عالیہ بھٹ کو فلم 'اڑتا پنجاب' میں ان کی اداکاری کے لیے ملا۔

اسی لیے یے باتیں ہونے لگیں کہ سونم کپور عالیہ کے ہاتھوں ہارنے سے خوش نہیں ہیں۔

بہر حال سونم کپور نے اس کی تردید کرتے ہوئے لکھا کہ 'مجھے معلوم نہیں کہ کہاں سے اس طرح کی باتیں سامنے آئي ہیں۔ میں نتیجے سے بہت خوش ہوں۔ میں اس بات سے بہت ہی زیادہ خوش ہوں کہ میں نیرجا جیسی اہم فلم کا حصہ تھی۔'

سونم کپور

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنسونم کپور سٹائل ائیکون کے طور پر بھی معروف ہیں

انھوں نے مزید لکھا 'اگر ایوارڈ مجھے مل گیا تو میں خوش ہوں اور اگر نہیں ملا تو بھی مجھے اطمینان کا وہی احساس ہے کہ ہم نے نیرجا کے ساتھ کیا حاصل کیا ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ فلم ناظرین کو پسند آئی۔'