'رستم کے اکشے اور دنگل کے عامر کا موازنہ'

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
اکشے کمار نے 20 سال کے اپنے کریئر میں بالی وڈ کو بہت سی ہٹ فلمیں دی ہیں لیکن انھیں کبھی کوئی ایوارڈ نہیں مِلا لیکن سات اپریل کی شام ان کے لیے کافی کچھ بدل گیا اور انھیں ان کی فلم 'رستم' میں بیسٹ ایکٹنگ کے لیے نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اکشے اس اچانک ملنے والی خبر سے بہت خوش ہیں اور انھوں نے اس پر کافی حیرانی بھی ظاہر کی۔ اس نیشنل ایوارڈ پر صرف اکشے ہی نہیں بہت سے لوگ حیران ہوئے اور سوشل میڈیا پر'رستم' کے اکشے اور 'دنگل' کے عامر کا موازنہ کرتے ہوئے لوگوں نے سوال اٹھائے کہ جیوری نے یہ فیصلہ کس بنیاد پر کیا۔
اکشے واقعی بہت با صلاحیت اداکار ہیں لیکن یہ بھی کہا جاتا ہے کہ سوشل میڈیا پر خود کو ایک بڑا محبِ وطن دکھانے والے اکشے کو پوسٹر بوائے بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ لیکن عامر خان اس ایوارڈ کے مستحق کیسے ہوسکتے ہیں کیونکہ انھیں تو 'اینٹی نیشنل' کا تمغہ پہلے ہی دے دیا گیا تھا۔ یہ اور بات ہے کہ انھوں نے پاکستان میں اپنی فلم دنگل رلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے بشرطیکہ کہ فلم سے انڈیا کے قومی ترانے اور پرچم کے مناظر نہ نکالے جائیں۔ 'میرا بھارت مہان‘۔
روینہ ٹنڈن کی شکایت یا پروموش؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ویسے نیشنل ایوراڈ تو اداکارہ روینہ ٹنڈن کو مل چکا ہے۔ اب ان کا کہنا ہے کہ انڈسٹری میں سچ بولنے اور کھل کر بات کرنے والوں کو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ 1991 میں 'پتھر کے پھول' فلم سے ڈبیو کرنے والی روینہ کہتی ہیں کہ ایمانداری اور حق کی بات کرنے والوں کے لیے انڈسٹری میں رہنا مشکل ہے۔
روینہ شاید بھول رہی ہیں کہ یہ بات صرف بالی وڈ نہیں پورے انڈیا پر لاگو ہوتی ہے جس کی تازہ مثال عامر خان ہیں۔
فلم 'دمن' کے لیے نیشنل ایوارڈ لینے والی روینہ بھی اچانک شکایتی پٹاری لے بیٹھی ہیں۔ غالباً اس کی وجہ ان کی فلم 'ماتر' ہے جو جلدی ہی ریلیز ہونے والی ہے۔ اب فلم کے پروموشن کے لیے کچھ کہانیاں تو بنانی ہی پڑیں گی۔
ہمیش کی سلمان بھکتی!

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سلمان خان کے بھکت ہمیش ریشمیا نے موسیقی کی دنیا میں آج تک جو بھی کام کیا وہ سلمان کے ساتھ، سلمان کے لیے، سلمان کے کہنے پر اور سلمان کی وجہ سے کیا۔
اب ہمیش سلمان کے لیے ایک اور مہان (عظیم) کام کرنے جا رہے ہیں اور وہ کام ہے سلمان کی مبینہ گرل فرینڈ یولیا وینتور کے گانے کی ایلبم۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یولیا رومانیہ کی ایک ٹی وی اداکارہ ہوا کرتی تھیں لیکن اب وہ چاہتی ہیں کہ بالی وڈ میں ان کی پہچان سلمان کی گرل فرینڈ سے بڑھ کر کچھ اور بھی ہو تو انھوں نے گانے کا فیصلہ کیا اور وہ بھی ہندی میں۔ پھر کیا تھا ہمیش بھائی اپنے بھائی کی دوست کی پہچان بنانے کے کام میں جی جان سے لگ گئے اور جھٹ پٹ ایک البم تیار کر ڈالی۔
البم کی پروموشن کے دوران یولیا سلمان خان کے بارے میں ہر طرح کے سوالوں کو بڑی خوبصورتی سے ٹال گئیں۔ اب دیکھتے ہیں کہ البم مارکیٹ میں آنے کے بعد یولیا کی پہچان بدلے گی یا ہمیش ریشمیا کا پتہ۔







