فلم ساز مہیش بھٹ کو ’بھتے‘ کے لیے دھمکی

عالیہ بھٹ

،تصویر کا ذریعہROHAN SHRESTHA

،تصویر کا کیپشنپولیس کے مطابق دھمکی دینے والے شخض نے عالیہ بھٹ کو مارنے کی بات کہی

بالی وڈ کے فلم ساز مہیش بھٹ کو مبینہ طور پر ایک نامعلوم شخص نے 'بھتے' اور ان کی بیٹی اداکارہ عالیہ بھٹ کو مارنے کی دھمکی دی۔

انڈین خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق اس بارے میں جبری وصولی کے خلاف سرگرم ممبئی کے محکمہ پولیس میں شکایت درج کی گئی ہے۔ اور کرائم برانچ کا محکمہ اس معاملے کی چھان بین کر رہا ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق ممبئی پولیس کے ڈپٹی کمشنر اشوک دودھے نے بتایا ہے کہ ریاست اتر پردیش کے ایک نامعلوم شخص نے حال ہی میں مہیش بھٹ کو فون کیا تھا اور واٹس ایپ پر 50 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔

مہیش بھٹ

،تصویر کا ذریعہPARULL GOSSAIN PR

،تصویر کا کیپشنمہیش بھٹ نے اس بارے میں ایک ٹویٹ کیا اور پولیس کی فوری کارروائی کے لیے شکریہ ادا کیا

پولیس کے مطابق اس شخص نے مہیش بھٹ کی بیٹی اداکارہ عالیہ بھٹ کو بھی مارنے کی دھمکی دی۔

مہیش بھٹ نے اس بارے میں ایک ٹویٹ کیا اور پولیس کی فوری کارروائی کے لیے شکریہ ادا کیا ہے۔

انہوں نے لکھا: ’جبری وصولی کے لیے میرے خاندان کو ملنے والی دھمکی سے میں حیرت زدہ رہ گيا تھا جسے مہاراشٹر اور ممبئی پولیس نے اپنی مشترکہ کوششوں سے شروع ہی میں کنٹرول کر لیا۔ ان کے شکرگزار ہیں۔‘

ٹویٹ

،تصویر کا ذریعہTwitter

،تصویر کا کیپشنمہیش بھٹ کی ٹویٹ

فلم ساز مہیش بھٹ کا شمار بالی کے لبرل خيال والے لوگوں میں ہوتا ہے اور دائیں بازو کی حامل ہندو تنظیمیں انھیں اکثر اپنا نشانہ بناتی رہتی ہیں۔

گذشتہ سال بھی سخت گیر ہندو تنظیم 'مہاراشٹر نو نرمان سینا' نے مہیش بھٹ سے کہا تھا کہ انھیں اپنی فلموں میں پاکستانی فنکاروں کو نہیں لینا چاہیے۔ تنظیم نے اس حکم نامے کی خلاف ورزی کی صورت میں انھیں مارنے پیٹنے کی دھمکی دی تھی۔

اس تنظیم نے اس حوالے سے کرن جوہر سمیت بعض دیگر افراد کو بھی ایسی ہی دھمکیاں دی تھیں۔