بلغاریہ کا سرکاری ریڈیو 72 سال پرانی موسیقی چلانے پر مجبور

،تصویر کا ذریعہGoogle maps
کاپی رائٹس حقوق کی فیس نہ دینے کی وجہ سے بلغاریہ کے سرکاری ریڈیو پر لاکھوں کی تعداد میں نئے گانوں کے چلانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے نوینائٹ کے مطابق اس سال جنوری کی پہلی تاریخ سے بلغارین نیشنل ریڈیو (بی این آر) اپنی نشریات میں کلاسیکی موسیقی، جاز اور روایتی موسیقی کا استعمال کر رہا ہے۔ اس کی وجہ ہے بی این آر کا کاپی رائٹس کے اوپر میوزیکیوٹر کمپنی سے جھگڑا۔
اس کمپنی کے پاس مقامی اور دنیا بھر سے ایک کروڑ چالیس لاکھ سے زائد گانوں کے حقوق ہیں۔
حتیٰ کہ ملک کے قومی ترانے کا روایتی ورژن بھی سرکاری ریڈیو پر حقوق نہ ہونے کی وجہ سے نہیں چل سکتا۔
خبر رساں ادارے بلکان انسائٹس کے مطابق اس تنازع کے باعث بی این آر صرف وہ موسیقی استعمال کر سکتا ہے جو کہ 1945 تک بنائی گئی ہوں۔

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty Images
اس تنازع کی وجہ میوزیکیوٹر کمپنی کا بی این آر سے روئلٹی میں موجودہ فیس کے مقابلے میں تین گنا اضافہ ہے لیکن سرکاری ریڈیو کے ڈائرکٹر ایلکزانڈر ولیو کے مطابق اتنی بڑی رقم ادا کرنا ممکن نہیں ہے جب تک کہ ان کو سرکار سے مزید سرمایہ نہ ملے یا وہ مقامی نشریات کے پروگرام ختم کر دیں، جو کے سرکاری ریڈیو کی ساکھ کو بری طرح متاثر کرے گا۔
کچھ موسیقاروں نے بی این آر کی حمایت میں آواز بلند کی ہے جن میں سے بلغاریہ کے ایک مشہور راک بینڈ سگنل کے گلوکار دانچو کارادجو شامل ہیں جنہوں نے اپنی نئی البم کو بی این آر پر مفت چلانے کی اجازت دے دی ہے۔
سرکاری ریڈیو اور میوزیکیوٹر کمپنی پیر کو اس معاملے کو حل کرنے کے لیے ملاقات کریں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تب تک سامعین کو برسوں پرانی موسیقی سے ہی محظوظ ہونا پڑے گا۔







