امریکی ٹی وی سٹار کم کارڈیشیئن کو پیرس میں لوٹ لیا گیا

کم کارڈیشیئن امریکی ماڈل اور ٹی وی سٹار ہیں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنکم کارڈیشیئن امریکی ماڈل اور ٹی وی سٹار ہیں

پیرس میں ایک پرتعیش رہائش گاہ میں مقیم امریکی ٹی وی سٹار اور معروف ماڈل کم کارڈیشیئن کو دو نامعلوم مسلح افراد نے بندوق کے زور پر لُوٹ لیا۔

پیرس میں ایک پولیس اہلکار نے تصدیق کی ہے یہ ڈکیتی کی واردات تھی تاہم اس میں کارڈیشیئن کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور اس حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح افراد اس واردات میں چھ لاکھ یورو مالیت کی اشیا جن میں سے بیشتر زیورات تھے لے گئے۔

ان کے مطابق مسلح افراد نے کم کارڈیشیئن کو غسل خانے میں باندھ دیا۔

35 سالہ ماڈل کی ایک ترجمان نے کہا ہے کہ کم کارڈیشیئن ویسٹ کو دو نقاب پوش افراد نے اتوار کی شام پیرس میں ان کی قیام گاہ پر بندوق کے زور پر لوٹا اور وہ دونوں افراد پولیس کی وردی میں ملبوس تھے۔

ترجمان کے مطابق انھیں 'اس واقعے میں کوئی چوٹ تو نہیں آئی لیکن وہ ہل کر رہ گئی ہیں۔'

اطلاعات کے مطابق کم کارڈیشیئن اب ایک نجی طیارے کے ذریعے فرانس سے روانہ ہو چکی ہیں۔

وہ اپنی والدہ کرس جینر اور بہن کینڈل جینر کے ساتھ فیشن ویک میں شرکت کے لیے پیرس میں تھیں۔

ماڈل کم کارڈیشیئن اور ریپر کینیے بیسٹ

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنکم کارڈیشیئن اپنے خاوند ریپر کینیے بیسٹ کے ساتھ

ان کے شوہر ریپر کینیے ویسٹ کو جب اس واقعے کا علم ہوا تو وہ نیویارک میں جاری میڈوز فیسٹیول چھوڑ کر قبل از وقت چلے گئے۔

ویسٹ نے اپنے کنسرٹ کے ناظرین سے کہا کہ قبل از وقت اس لیے جا رہے ہیں کہ ان کے اہل خانہ کے ساتھ ناگہانی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔

بعد میں جاری کیے گئے ایک بیان میں کنسرٹ کے منتظمین نے کہا: 'اہل خانہ کے تعلق سے ایک ایمرجنسی کی وجہ سے کینیے ویسٹ کو اپنی پرفارمنس کو قبل از وقت ختم کرنا پڑا۔

'ہم ان کے شاندار پرفارمنس کی تعریف کرتے ہیں جو انھوں نے اپنے مداحوں کے لیے میڈوز فیسٹیول کے افتتاحی پروگرام کے آخر میں پیش کیا۔

'بیسٹ اور ان کے اہل خانہ کے لیے ہماری نیک خواہشات۔'

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے کارڈیشیئن کے پاس ایک شخص پہنچا اور انھیں چھونے کی کوشش کی لیکن ان کے باڈی گارڈز کی مداخلت سے یہ معاملہ رفع دفع ہو گیا تھا۔