عمران خان کو گولی کہاں لگی اور ان کی حالت کیسی ہے؟

،تصویر کا ذریعہEPA
وزیر آباد کے اللہ والا چوک میں جمعرات کی شام جب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ ہوئی تو پہلا سوال جو میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرتا نظر آیا وہ یہی تھا کہ کیا عمران خان اس فائرنگ کا نشانہ بنے ہیں اور اگر ایسا ہے تو انھیں کہاں گولی لگی اور ان کی حالت کیسی ہے۔
حکام کی جانب سے اس واقعے میں عمران خان سمیت 14 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جن میں سے تحریکِ انصاف کے سربراہ سمیت پانچ ایسے افراد ہیں جنھیں گولی سے زخم آیا ہے۔
فائرنگ کے اس واقعے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں جہاں تحریکِ انصاف کے رہنما اس بات پر تو متفق نظر آئے کہ عمران خان اس فائرنگ کا ہدف بھی تھے اور انھیں گولی بھی لگی ہے تاہم گولیوں کی تعداد اور نشانہ بننے کے مقام پر متضاد اطلاعات ہی سامنے آئیں۔
کچھ دیر بعد پی ٹی آئی کی جانب سے ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں عمران خان کو کنٹینر سے اس حالت میں نکلتے دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کی ٹانگ پر پٹی بندھی ہوئی تھی جس سے ظاہر تھا کہ زخمی ہونے کے بعد انھیں کنٹینر میں ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی تھی۔
عمران خان کنٹینر سے نکل کر اپنی گاڑی میں لاہور پہنچے جہاں انھیں شوکت خانم ہسپتال لے جایا گیا۔ اس وقت تک یہ بات واضح ہو چکی تھی کہ گولی عمران خان کی ٹانگ میں لگی ہے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

،تصویر کا ذریعہEPA
عمران خان کے ابتدائی معائنے کے بعد شوکت خانم ہسپتال کے سی ای او اور تحریکِ انصاف کے سربراہ کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان نے انھیں لگنے والی گولی کے بارے میں مزید معلومات دیں۔
جمعرات کی شام ہسپتال کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی معائنے کے دوران عمران خان کے ایکسرے اور سکین کیے گئے جن سے معلوم ہوا ہے کہ ان کی ٹانگوں میں گولی کے ٹکڑے موجود ہیں۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق عمران خان کی دائیں ٹانگ کی نچلی ہڈی یعنی ٹبیا بون چٹخی ہوئی نظر آئی ہے یعنی ٹانگ کی نچلی ہڈی کا کنارا ٹوٹا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا آپریشن تھیٹر میں تفصیلی معائنہ کیا جائے گا جس کے بعد جو بھی ضروری سرجیکل اور دیگر طبی کارروائی درکار ہوئی وہ کی جائے گی۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ سپیشلسٹ عمران خان کا معائنہ کر رہے ہیں اور انھی کی رائے کے مطابق ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔
انھوں نے بتایا کے عمران خان کی تمام تشخیصی علامات بالکل ٹھیک ہیں اور انھیں درد کم کرنے کی دوا دی گئی ہے۔
ڈاکٹر فیصل نے بتایا کے عمران خان کے تفصیلی معائنے کے بعد ان کے زخموں کی صحیح نوعیت کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔








