آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
جہاز کا ایمرجنسی دروازہ کھول کر ونگ پر چلنے والا شخص، جسے ساتھی مسافروں نے خوب سراہا
دنیا بھر میں ہزاروں افراد روزانہ ہوائی سفر کرتے ہیں بیشتر کا سفر پُر سکون اور آرام دہ گزرتا ہے لیکن کچھ سفر کسی نہ کسی وجہ سے یاد گار بن جاتے ہیں۔
آپ کی نظر سے ایسی خبریں تو ضرور گزری ہوں گی کہ کبھی اڑتے جہاز کی کھڑکی کا بڑا حصہ ٹوٹ کر نکل گیا، کبھی جہاز کی پوری چھت ہی اڑ گئی، کبھی کسی مسافر کا باتھ روم میں بند ہو جانا اور کبھی پائلٹ کے کاک پٹ سے نکلتے ہی کاک پٹ کا دروازہ لاک ہو جانا۔
پروازوں کا تاخیر کا شکار ہونا بھی کوئی کم بڑی مشکل نہیں ہوتی اور یہ مسافروں کو اکثر کوفت کے ساتھ ساتھ غصّے میں بھی مبتلا کر دیتی ہے۔ کبھی کبھی تو مسافر بطور احتجاج کچھ بھی کر جاتے ہیں۔
ایسا ہی کچھ میکسیکو میں ہوا جہاں ایک شخص نے پرواز کے تاخیر کا شکار ہونے کے بعد نہ صرف ہوائی جہاز کا ہنگامی دروازہ کھولا بلکہ وہاں سے نکل کر ونگ پر چلنے لگا، جس کے بعد اس کو گرفتار کر لیا گیا۔
اس شخص نے یہ حرکت اس وقت کی جب گوئٹے مالا سٹی جانے والا طیارہ ایئر کنڈیشننگ یا مسافروں کے لیے پانی کے بغیر کئی گھنٹے تک ائیرپورٹ پر موجود جہازوں کے راستے پر پھنسا رہا۔
میکسیکو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم مسافر کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
جہاز کے دیگر مسافروں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اس شخص کو سب کی حمایت حاصل ہے۔
یہ واقعہ گذشتہ جمعرات کو تقریباً 11:30 بجے پیش آیا تھا، جب میکسیکو سٹی سے ایرومیکسیکو کے لیے پرواز تقریباً تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واقعے سے متعلق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تاخیر ہوائی اڈے پر ہونے والے مینٹیننس کے کام کی وجہ سے ہوئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ نامعلوم مسافر کے اس اقدام کے بعد طیارے کی تبدیلی ضروری ہو گئی تھی۔
یہ واضح نہیں کہ آیا یہ شخص اب بھی حراست میں ہے یا نہیں یا اسے کن الزامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے تاہم مسافروں نے اس واقعے کو مختلف انداز میں دیکھا۔
ساتھی مسافروں کی جانب سے ہاتھ سے لکھے گئے نوٹ میں کہا گیا ہے کہ ’ہنگامی دروازہ کھولنے والے مسافر نے یہ عمل سب کی حفاظت کے لیے اور سب کی حمایت کے ساتھ کیا کیونکہ تاخیر اور ہوا کی کمی نے مسافروں کی صحت کے لیے خطرناک حالات پیدا کیے تھے۔‘
انھوں نے لکھا کہ ’اس نے ہماری زندگیاں بچائیں‘ اور سوشل میڈیا پر تقسیم کیے گئے اس نوٹ میں ان کے نام اور دستخط بھی شامل کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ مسافروں کے لیے جہاز کے دروازے کھولنا منع ہے کیونکہ یہ عمل دیگر مسافروں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔