حزب اختلاف کا لوڈشیڈنگ پر توجہ دلاؤ نوٹس

لوڈ شیڈنگ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنطویل لوڈشیڈنگ میں لوگوں وقت کاٹنے کا کوئی نہ کوئی طریقہ ڈھونڈ ہی لیتے ہیں

پاکستان بھر میں بجلی کی حالیہ لوڈشیڈنگ پر قومی اسمبلی میں بحث کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین نے ایوان میں ایک توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرایا ہے جس میں بجلی کے بحران پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین عبدالستار بچانی، ڈاکٹر نفیسہ شاہ، میر اعجاز جھکرانی، سید مصطفی محمود، ڈاکٹر شازیہ صوبیا، مسز بیلم حسین نے یہ توجہ دلاؤ نوٹس قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرایا ہے۔

اس نوٹس میں پیپلز پارٹی کے اراکین نے وفاقی وزیر برائے پانی اور بجلی خواجہ محمد آصف کی توجہ اس مسئلہ کی طرف دلاتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی موجودہ طویل بندش سے عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

انھوں نے کہا کئی کئی گھنٹوں تک بجلی نہ ہونے سے لوگوں کی زندگیاں اجیرن ہو گیی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بجلی کے بحران کی وجہ سے نہ صرف عام لوگوں کی زندگیاں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ اس کے منفی اثرات لوگوں کے کاروبار، ملکی تجارت اور صنعت پر بھی پڑے رہے ہیں۔

اراکین کا دعوی ہے کہ اس وجہ سے کئی صنعتی بھی بند ہو رہی ہیں۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ کی حکومت نے گزشتہ انتخابات میں ملک میں بجلی کا بحران ختم کرنے کے دعوے اور وعدے کیے تھے۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا تھا کہ اگر انھوں نے بجلی کا بحران چھ ماہ کے اندر ختم نہ کر دیا تو ان کا نام شہباز شریف نہیں۔

حکومتی اراکان کا کہنا ہے کہ بجلی کے حالیہ بحران کی بڑی وجہ دریاوں میں پانی کی کمی ہے جس وجہ سے پن بجلی سے مقررہ مقدار میں بجلی پیدا نہیں کر رہے۔