’روس بمباری روکے، ورنہ معاہدہ معطل کر دیں گے‘

،تصویر کا ذریعہAP

امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے اپنے روسی ہم منصب کو تنبیہ کی ہے کہ اگر روس نے شام کے شہر حلب پر بمباری نہ روکی تو امریکہ شام کے معاملے پر مذاکرات ختم کر دے گا۔

یہ بات جان کیری نے بدھ کے روز روسی وزیرِ خارجہ سرگے لارورف سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہی۔

امریکی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ امریکہ اور روس کے درمیان شام میں جنگ بندی پر اسی ماہ طے پانے والے معاہدے کو معطل کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

شام میں حقوق انسانی کے کارکنوں کے مطابق حلب میں شامی فوج کی جانب سے جنگ بندی کے خاتمے کے اعلان کے بعد سے اب تک ایک ہفتے کے دوران دو سو سے زیادہ عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب روس کا کہنا ہے کہ شامی فوجیں حلب میں عام شہریوں کو کم سے کم نقصان پہنچا کر شہر سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر رہی تھیں۔

حلب میں تقریباً ڈھائی لاکھ عام شہری پھنسے ہوئے ہیں۔