فرانس: مسلمانوں کی گرجا گھروں کی تقریبات میں شرکت

فرانس میں مسلمانوں نے اظہارِ یکجہتی کے طور پر ملک بھر میں مسیحی مذہبی تقریبات میں شرکت کی ہے۔
فرانس میں مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم نے گرجا گھر پر حملے کے بعد مسلمانوں سے کہا تھا کہ وہ مسیحی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔
فرانسیسی مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم سی ایف سی ایم کے سربراہ نے اس حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ ’ ہم سب فرانس کے مسیحی ہیں۔‘
مسلمانوں نے فرانس کے دارالحکومت پیرس کے گرجا گھروں میں منعقد ہونے والی مذہبی تقریبات میں بھی شرکت کی ہے۔
ادھر فرانس میں مسیحی مذہبی پیشوا ڈامینیک لبرن کے بقول وہ مسلمانوں کے اس اقدام سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ منگل کو فرانس کے علاقے نارمنڈی کے ایک گرجا گھر پر ہونے والے حملے میں86 سالہ پادری کو ہلاک کر دیا گیا تھا اور اس حملے کی ذمہ داری نام نہاد دولتِ اسلامیہ نے قبول کی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پولیس نے چرچ پر حملہ کرنے والے دونوں افراد کو گولی ماری دی تھی اور یرغمالیوں کو بازیاب کروالیا تھا۔
ان حملہ آورں کی شناخت عادل کرمیکی اور عبدالمالک کے نام سے ہوئی تھی۔
حملے کے بعد ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں دونوں حملہ آور نام نہاد دولتِ اسلامیہ کے ساتھ اپنی وفاداری کا اظہار کر رہے ہیں۔
گذشتہ بدھ کو فرانس میں مذہبی رہنماؤں نے ملک بھر کی عبادت گاہوں پر مزید سکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔







