یورو کپ کو متاثر کرنے کے لیے فرانس کے پائلٹوں کی ہڑتال

،تصویر کا ذریعہReuters
فرانس کی قومی ایئر لائن کے پائلٹوں نے چار روزہ ہڑتال شروع کر دی ہے جس کی وجہ سے فٹبال کے ہزاروں پرستاروں کے یورو کپ کے دوسرے روز منصوبے متاثر ہو سکتے ہیں۔
ایئر فرانس نے سنیچر کی رات اپنی کم سے کم 30 فیصد پروازوں کو منسوخ کر دیا۔
تاہم ایئر فرانس کا کہنا ہے کہ وہ یورو کپ کے میچوں کی میزبانی کرنے والے شہروں میں پروازوں کو ترجیح دیں گے۔
فرانس کے پائلٹوں کی یونین چاہتی ہے کہ حکومت نئے لیبر قوانین کو ختم کرے جس سے اسے لوگوں کو نوکری دینے اور برخاست کرنے میں آسانی ہو۔
فرانس کے پائلٹوں کی یونین کا کہنا ہے کہ ان کی ہڑتال سنیچر سے منگل تک جاری رہے گی تاہم کمپنی کے چیف اگزیکٹیو فریڈرک نے وعدہ کیا ہے کہ وہ کوشش کریں گے کہ میچوں کی میزبانی کرنے والے شہروں میں فضائی سروس کم سے کم متاثر ہو۔
ان کا مزید کہنا ہے تھا ’یقیناً ہم یورو ٹورنامنٹ کو بھی دیکھیں گے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ فرانس میں اس وقت ملازمین ملازمت کے قوانین میں اصلاحات کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
ٹریڈ یونینوں کے احتجاج کی وجہ سے بدھ کی رات تک پیرس سے کوڑے کا ڈھیر اٹھایا نہیں جا سکا تھا جب کہ ملک میں ٹرین سروس نے نو روز کی ہڑتال کے بعد اپنا کام دوبارہ شروع کیا ہے۔
اس سے قبل فرانس کے صدر فرانسسوا اولاند نے ٹرینڈ یونینوں کو یورو کپ کو سبوتاز کرنے پر خبردار کیا تھا۔
انھوں نے کہا ’میں ہر کسی سے احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتا ہوں، کیونکہ اگر ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرتی ہے، جو وہ کرے گی، تو پھر وہ تمام ضروری اقدامات کرے گی۔‘
فرانسیسی صدر کے مطابق ’اس کے ساتھ ساتھ احتجاج کرنے والوں اور ان کا انتظام کرنے والوں کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ بھی اس شاندار ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے میں حصہ لیں۔‘







