صدر اوباما نے سرکاری طور پر ہلیری کی حمایت کر دی

،تصویر کا ذریعہGetty
امریکی صدر براک اوباما نے ہلیری کلنٹن کو ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لیے سرکاری سطح پر حمایت کر دی ہے۔
صدر اوباما کا یہ بیان ہلیری کلنٹن نے ٹوئٹ کیا ہے۔
یہ بیان جمعرات کو صدر اوباما کی ورمونٹ کے سینیٹر برنی سینڈرز سے ملاقات کے بعد سامنے آیا جو کہ صدارتی دوڑ کے لیے ہلیری کلنٹن کے مقابلے میں ہیں۔
صدر اوباما نے کہا کہ کلنٹن شاید صدر کے رول کے لیے سب سے زیادہ قابل شخصیت ہیں۔
دونوں رہنما اگلے ماہ وسکونسن میں اکھٹے ہوں گے اس سے قبل ہلیری اوہائیو اور پنسلوانیاجائیں گے۔
اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ ’دیکھو مجھے معلوم ہے کہ یہ کام کتنا مشکل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہیلری نے اس میں کمال کا درجہ حاصل کر لیا ہے‘
دوسری جانب ہلیری کلنٹن نے اپنی ٹوئٹ میں صدر اوباما کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ’ آپ کا ساتھ میرے لیے اعزاز ہے۔‘
ادھر رپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ صدر اوباما کی جانب سے ہلیری کلنٹن کی حمایت کا مطلب یہ ہے کہ وہ ’اوباما کے مزید چار سال چاہتے ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
صدر سے ملاقات کے بعد سینیٹر برنی کہا کہ آئندہ دِنوں کے دوران وہ ہیلری کلنٹن سے ملیں گے اور ان کے ساتھ ملکر ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دیں گے۔ تاہم فی الحال وہ واشنگٹن میں اپنی مہم جاری رکھیں گے۔
تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ صدر اوباما نے وائٹ ہاؤس کو ڈیموکریٹک پارٹی کے ہاتھ میں رکھنے کے لیے ہلیری کی حمایت کا اعلان کیا اور اب وہ اس گیم میں شامل ہیں۔







