تل ابیب میں فلسطینی حملہ آوروں کی فائرنگ سے چار ہلاک

حملہ سارونا مارکیٹ میں ہوا ہے جو اسرائیلی وزارتِ دفاع اور فوج کے مرکزی دفتر کے قریب واقع ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنحملہ سارونا مارکیٹ میں ہوا ہے جو اسرائیلی وزارتِ دفاع اور فوج کے مرکزی دفتر کے قریب واقع ہے

اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ تل ابیب کے ایک مرکزی شاپنگ سینٹر میں فلسطینی حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ایمرجنسی ایمبولینس سروسز کے مطابق اس حملے میں 13 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

یہ حملہ سارونا مارکیٹ میں دو مقامات پر کیا گیا جو اسرائیلی وزارتِ دفاع اور فوج کے مرکزی دفتر کے قریب واقع ہے۔

پولیس کے مطابق دو حملہ آوروں کا تعلق فلسطین کے گاؤں یاتا سے تھا اور وہ اب پولیس کی تحویل میں ہیں جن میں سے ایک کی ہسپتال میں سرجری ہو رہی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے نو بجے پیش آیا جب مارکیٹ میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے۔

محافظوں نے حمہ آوروں کو اندر داخل ہونے سے روکا جس کی وجہ سے ایک بڑی تباہی سے بچنا ممکن ہوا

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنمحافظوں نے حمہ آوروں کو اندر داخل ہونے سے روکا جس کی وجہ سے ایک بڑی تباہی سے بچنا ممکن ہوا

ویڈیو فوٹیج میں فائرنگ کے نتیجے میں بچاؤ کے لیے لوگوں کو ادھر ادھر بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

وہاں موجود ایک خاتون نے اسرائیلی ٹی وی چینل 10 کو بتایا کہ وہ اپنے بچے کی سالگرہ منانے کے لیے آئیں تھیں اور جب انھوں نے فائرنگ کی آواز سنی تو وہ سمجھ گئی کہ یہ دہشت گرد حملہ ہے۔

تل ابیب کے پولیس چیف چیکو ایدری نے اس واقعے کو دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا ہے اور اس خدشے کا اظہار کیا گیا ہے تیسرے حملہ آور کا پتہ نہیں لگایا جا سکا۔

انھوں نے بتایا کہ دو دہشت گرد مارکیٹ میں داخل ہوئے اور ان کی فائرنگ کے نتیجے میں نو افراد زخمی ہوئے۔

مارکیٹ کے ڈائریکٹر نے چینل 10 کو بتایا کہ وہاں موجود محافظوں نے حمہ آوروں کو اندر داخل ہونے سے روکا جس کی وجہ سے ایک بڑی تباہی سے بچنا ممکن ہوا کیونکہ اس وقت مارکیٹ میں بہت سے لوگ موجود تھے۔