’فرانسیسی شہری کی یورو کپ کے دوران حملوں کی منصوبہ بندی‘

یوکرین کے انٹیلی جنس چیفکے مطابق اس شخص نے 15 حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی

،تصویر کا ذریعہSBU Press Service photo via AP

،تصویر کا کیپشنیوکرین کے انٹیلی جنس چیفکے مطابق اس شخص نے 15 حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی

یوکرین میں حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ ماہ بڑی مقدار میں اسلحے سمیت حراست میں لیا گیا فرانسیسی شہری یورو 2016 فٹبال ٹورنامنٹ کے دوران حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

یورو 2016 فٹبال ٹورنامنٹ جمعے سے فرانس میں شروع ہو رہا ہے۔

فرانسیسی میڈیا میں جانب سے اس 25 سالہ شخص کا نام گریگوئر مؤٹاؤکس بتایا گیا ہے اور اسے پولینڈ سے متصل یوکرین کی سرحد کے قریب سے گرفتار سے کیا گیا تھا۔

یوکرین کے انٹیلی جنس چیف ویسل ہریسٹاک کا کہنا تھا کہ اس شخص نے 15 حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی اور وہ سخت گیر قوم پرستانہ نظریات کی جانب مائل تھا۔

ویسل ہریسٹاک کے مطابق اس کے پاس بندوقیں، ڈیٹونیٹر اور 125 کلوگرام دھماکہ خیز مواد تھا۔

ویسل ہریسٹاک کا کہنا تھا کہ پل، موٹرویز، ایک مسجد اور ایک یہودی عبادت گاہ متوقع حملوں کی فہرست میں شامل تھیں۔

انھوں نے بتایا اس شخص پر اسلحے کی سمگلنگ اور دہشت گردی کا مرتکب ہونے کی قانونی کارروائی کی جائے گی۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ کیا اس ٹورنامنٹ کو بھی نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔

ویسل ہریسٹاک کے مطابق اس کے پاس بندوقیں، ڈیٹونیٹر اور 125 کلوگرام دھماکہ خیز مواد تھا

،تصویر کا ذریعہ SBU Press Service photo via AP

،تصویر کا کیپشنویسل ہریسٹاک کے مطابق اس کے پاس بندوقیں، ڈیٹونیٹر اور 125 کلوگرام دھماکہ خیز مواد تھا

خیال رہے کہ 21 مئی کو ایک شخص کی حراست کی خبر فرانسیسی ٹی وی نیٹ ورک ایم سکس پر نشر کی گئی تھی اور اطلاعات کے مطابق اس شخص کا کوئی مجرمانی ریکارڈ نہیں تھا۔

ادھر فرانسیسی حکام کی جانب سے شدت پسندوں کے حملوں کے پیش نظر یورپین چیمپیئن شپ سے قبل سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

یوکرین کی ایس بی یو سکیورٹی سروس کا کہنا تھا کہ وہ اس مشتبہ شخص پر گذشتہ سال دسمبر سے نظر رکھے ہوئے تھی اور اس نے پانچ کلاشنکوف، دو ٹینک شکن گرنیڈ لانچر اور تقریباً 5000 گولیاں، 100 ڈیٹونیٹرز اور بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد حاصل کیا تھا۔

فرانس کے پولیس ذرائع نے خبررساں ادارے ای ایف پی کو بتایا کہ یوکرینی حکام نے تاحال انھیں تفصیلات فراہم نہیں کی۔