قیدیوں کا تبادلہ، پوتن کے کہنے پر یوکرینی پائلٹ رہا

،تصویر کا ذریعہReuters
روس نے ماسکو کے خلاف مزاحمت کی علامت بن جانے والی یوکرین کی خاتون پائلٹ نادیہ ساشنکو کو رہا کر دیا ہے۔
ان کی رہائی یوکرین کی جانب سے دو مبینہ روسی ایجنٹوں کے بدلے میں ہوئی ہے۔
کیئف پہنچنے پر نادیہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ’میں آزاد ہو گئی۔‘
یاد رہے کہ روس نے ان کو مشرقی یوکرین میں دو روسی صحافیوں کو قتل کرنے کے الزام میں 22 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ نادیہ اس الزام کی تردید کرتی ہیں۔
اس سے قبل دو روسی ایجنٹ کیئف سے ماسکو پہنچے۔ نادیہ کی سزا روسی صدر ویلادیمیر پوتن نے معاف کی ہے۔
صدر پوتن کا کہنا ہے کہ انھوں نے سزا اس لیے معاف کی کہ قتل کیے گئے دو روسی صحافیوں کے اہل خانہ نے نرمی برتنے کی درخواست کی تھی۔
دوسری جانب یوکرین کے صدر نے دو روسی ایجنٹوں کو معافی دی۔
نادیہ کو 2014 میں یوکرین میں روسی کے حمایت یافتہ علیحدگی پسندوں نے حراست میں لیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے جیل میں بھوک ہڑتال کی اور جب وہ روس کی جیل میں تھیں تو یوکرین کی پارلیمنٹ اور کونسل آف یورپ کی پارلیمانی اسمبلی کی ممبر منتخب ہوئیں۔
دوسری جانب دو روسی ایجنٹوں پر الزام تھا کہ وہ روسی ملٹری انٹیلیجنس کے اہلکار ہیں تاہم روس اس کی تردید کرتا ہے۔







