روس نے یوکرین کی فضائی حدود میں فوجی طیارہ مار گرایا: کیئف

یوکرین اور روس کے درمیان گذشتہ کئی ماہ سے کشیدگی جاری ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنیوکرین اور روس کے درمیان گذشتہ کئی ماہ سے کشیدگی جاری ہے

یوکرین کی حکومت نے الزام لگایا ہے کہ روس نے یوکرین کی فضائی حدود میں اس کا فوجی طیارہ مار گرایا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق یوکرین کی نیشنل سکیورٹی اور ڈیفنس کونسل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے ’ایک روسی جیٹ طیارے نے یوکرین کے ایس یو 25 فوجی طیارے کو یوکرین کی فضائی حدود میں مار گرایا ہے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پائلٹ محفوظ رہا۔

اس سے قبل امریکہ نے یوکرین کے معاملے پر روس کے خلاف پابندیوں میں اضافہ کرتے ہوئے اس کے بڑے بینکوں، دفاع اور توانائی کی کمپنیوں کو پابندیوں کا نشانہ بنایا ہے۔

جن کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہے ان میں گیز پروم بینک اور رومنیفٹ شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بعض اعلیٰ روسی حکام اور مشرقی یوکرین کے ان علاقوں پر بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں جنھوں نے خود کو باغی ظاہر کیا ہے۔

امریکہ نے روس کے خلاف پابندیوں میں بتدریج اضافہ کیا ہے جس کی وجہ اس کے بقول ماسکو کی یوکرین میں باغیوں کی پشت پناہی کرنا ہے۔

ادھر یورپی یونین نے بھی روس کے خلاف اپنی پابندیوں میں اضافے پر اتفاق کیا ہے۔