شام: دولتِ اسلامیہ کے خلاف رقہ میں مہم کا آغاز

،تصویر کا ذریعہAFP
امریکہ کے حمایت یافتہ اتحاد میں شامل شامی کردوں اور عرب جنگجوؤں نے خود کو دولتِ اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم کو شہر رقہ سے بے دخل کرنے کے لیے مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ شامی ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) نے اپنے 30,000 جنگجؤں کو بھی اس مہم کے لیے تعینات کیا ہے۔
امریکہ کی قیادت میں اتحادی جنگی طیارے اس حملے کی حمایت کریں گے جسے روس کی بھی پشت پناہی حاصل ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایس ڈی ایف نے سنہ 2014 سے شام اور عراق میں قائم کی گئی ’دولت اسلامیہ‘ کی خود ساختہ ’خلافت‘ کے دارالخلافے کی حیثیت رکھنے والے شہر رقہ کو واپس لینے کے لیے کسی منوبہ بندی کا ذکر نہیں کیا ہے۔
امریکہ کے حمایت یافتہ اتحاد میں شامل کردش پاپولر پروٹیکشن یونٹ (وائی پی جی) جوگذشتہ دو سالوں کے دوران ایک اہم اتحادی کے طور پر ابھرا ہے بھی شام کے شمال میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف لڑائی کی قیادت کر رہا ہے۔
وائی پی جی نے امریکی کی فضائی طاقت کی مدد سے اس علاقے کے26,000 مربع کلومیٹر علاقے کا کنٹرول حاصل کیا ہے۔
برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم سیرئین آبزرویٹری کا کہنا ہے کہ ایس ڈی ایف کے جنگجوؤں کو منگل کو ترکی کے سرحد کی جانب جاتے دیکھا گیا۔
ایس ڈی ایف کی ایک کمانڈر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ نئے حملے کا مقصد ’شمالی رقہ‘ کو دولتِ اسلامیہ سے آزاد کروانا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس مہم کا مقصد ہماری شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
بی بی سی کے مشرقِ وسطی کے نامہ نگار کوئنٹن سمرویل کا کہنا ہے کہ دولتِ اسلامیہ کے جنجگو اس حملے کے لیے پہلے ہی تیار ہیں اور وہ کھدائی کر رہے ہیں۔
نامہ نگار کے مطابق دولتِ اسلامیہ کے جنگجوؤں نے سرنگوں کا ایک وسیع نیٹ ورک بھی بنا رکھا ہے۔







