’شدت پسندی سے نمٹنے کے لیے بدعنوانی کا خاتمہ ضروری‘

،تصویر کا ذریعہGetty

برطانیہ کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ شدت پسندی سے نمٹنے کے لیے بدعنوانی کے خلاف کریک ڈاؤن کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے لندن میں منعقدہ انسداد بدعنوانی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی پذیر ممالک میں لوگ اسی طرح انصاف چاہتے ہیں جیسے وہ پینے کا صاف پانی اور طبی سہولیات چاہتے ہیں۔

* <link type="page"><caption> برطانیہ میں غیر ملکیوں کے اثاثے ظاہر کرنے کا منصوبہ</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/world/2016/05/160512_cameron_uk_property_rule_changes_zh.shtml" platform="highweb"/></link>

وزیر اعظم کیمرون اس کانفرنس کی میزبانی کر رہے ہیں جس میں بدعنوانی کےخاتمے کے لیے عالمی اقدامات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

کانفرنس میں امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ بدعنوانی سے ممالک کو خطرہ ہے کیونکہ اس سے جرائم اور دہشت گردی کو مالی وسائل حاصل ہوتے ہیں۔ جان کیری کے مطابق وسیع تناظر میں بدعنوانی ایک دشمن کی طرح ہے کیونکہ یہ ریاستوں کو تباہ کر دیتی ہے۔

برطانوی وزیر اعظم نے کہا ’زیادہ شفافیت اس مسئلے کی حتمی کنجی ہے۔ اور آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ممالک ٹیکس کی زیادہ معلومات دینے، جائیداد کے بارے میں ملکیت کے بارے میں زیادہ معلومات کے تبادلے کا وعدہ کر رہے ہیں اور اس میں برطانیہ اور دیگر چند ممالک پہلی بار نہ صرف ملکیت رکھنے والوں کا اندراج کر رہے ہیں بلکہ اس عوام کے سامنے بھی پیش کیا جائے گا تاکہ دوسرے اس کی تحقیقات کر سکیں۔‘

وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیر اعظم نے برطانیہ میں جائیداد رکھنے والی غیر ملکی کمپنیوں کو رجسٹر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جن میں پہلے سے برطانیہ میں جائیداد رکھنے والوں کا نام اور جو حاصل کرنا چاہتے ہیں، ان کا نام بھی شامل ہو گا۔

ڈاؤننگ سٹریٹ کے مطابق رجسٹر کا مطلب بدعنوان انفرادی شخصیات اور ممالک اب یہاں نہیں آ سکیں گے، کالے دھن کو سفید کر سکیں گے اور لندن کے پراپرٹی بازار کے ذریعے اپنے غیرقانونی سرمایے کو چھپا نہیں سکیں گے اور عوام وسائل کا استعمال نہیں کر سکیں گے۔

بیان کے مطابق اس وقت انگلینڈ اور ویلز میں غیر ملکی کمپنیوں کی ایک لاکھ جائیدادیں ہیں جن میں سے 44 ہزار صرف لندن میں ہیں۔

اس کانفرنس میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری، نائجیریا کے صدر محمدو بوہاری اور افغان صدر اشرف غنی سمیت عالمی رہنماؤں کے علاوہ کاروباری دنیا، سول سوسائٹی، اور فیفا اور یوایفا جیسی کھیلوں کی بڑی تنظیموں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

برطانوی اخبار گارڈیئن میں اجلاس سے قبل ڈیوڈ کیمرون نے لکھا کہ ’آج دنیا میں تمام مسائل کی جڑ بدعنوانی ہے جو کینسر کی طرح ہے۔

’اس کی وجہ سے ملازمتیں تباہ ہو رہی ہیں اور آگے بڑھنے کا عمل رک گیا ہے۔ ہر سال دنیا کی معیشت کو اربوں پاؤنڈز کا نقصان ہوتا ہے۔اس کی وجہ سے غریب مزید غربت کے شکنجے میں جکڑتا جاتا ہے اور چونکہ حکومتیں اپنا پیسہ باہر بھیج دیتی ہیں اس لیے سخت محنت کرنے والوں کو محنت کے ثمرات اور اپنا حق نہیں ملتا۔‘