البرٹا میں آگ مزید علاقوں تک پھیل گئی

آگ پہلے سے پانچ گنا زیادہ بڑھ گئ ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنآگ پہلے سے پانچ گنا زیادہ بڑھ گئ ہے

کینیڈا کے صوبے البرٹا میں فورٹ مک مرے کے جنگلات میں لگنے والی آگ 850 مربع کلومیٹر تک پھیل گئی ہے جس کے بعد شہر کے شمال میں نقل مکانی کرنے والے آٹھ ہزار متاثرین کو فضائی ریسکیو آپریشن سے دوبارہ محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق آگ سے متاثرہ رقبے میں پانچ گنا اضافہ ہوا ہے اور یہ صوبے کے جنوبی علاقوں تک پھیل گئی ہے جس کی وجہ سے فورٹ مک مرے سے ان علاقوں میں نقل مکانی کرنے والے آٹھ ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق چار ہزار افراد کو فوجی اور سول جہازوں کی مدد سے منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ باقی چار ہزار افراد کو بھی آئندہ چند گھنٹوں کے دوران منتقل کر دیا جائے گا۔

فورٹ مک مرے میں جنگی آگ کی وجہ سے شہر کی 88 ہزار افراد پر مشتمل تمام آبادی کو انخلا کا حکم دیا گیا تھا اور جس کے بعد اکثریت نے جنوب جبکہ متعدد افراد نے شمالی علاقے کا رخ کیا تھا۔

البرٹا کی وزیِر اعلیٰ ریچل نوٹلی کا کہنا تھا کہ تیز ہواؤں کی وجہ سے آگ پھیلتی جا رہی ہے لیکن یہ ’قابو میں ہے‘۔

انھوں نے خبردار کیا کہ فورٹ مک مرے کے رہائشیوں کو اپنے گھروں میں واپسی کے لیے لمبا انتظار کرنا پڑے گا۔

لوگوں کو دوبارہ نقل مکانی کا حکم دیا گیا

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنلوگوں کو دوبارہ نقل مکانی کا حکم دیا گیا

مقامی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ جنوب کے شہری علاقوں میں متاثرین کی بہتر طریقے سے مدد کی جا سکتی ہے ۔

یہ نقل مکانی البرٹا کی تاریخ کی سب سے بڑی جبری نقل مکانی ہے۔

آگ سے کسی بھی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات تاحال موصول نہیں ہوئی ہیں لیکن شہر کے خارجی راستوں پر شہریوں کے انخلا کی وجہ سےگاڑی کے ایک حادثے میں متعدد ہلاکتوں کی رپورٹ ملی ہیں۔

’البرٹا ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی‘ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سکاٹ لونگ نے آگ لگنے کے واقعے کو بدترین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر قابو پانے کے لیے بارشوں کی ضرورت ہے۔

کم درجہ حرارت اور بارش کی پیشنگوئی سے آگ پر قابو پانے کی امید بڑھ گئی ہے۔

البرٹا کے حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے فورٹ مک مرے میں 1600 عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں جبکہ خطرہ ہے کہ یہ مزید بے قابو ہو جائے گئی