بغداد:پارلیمان کے باہر مظاہرین کا پڑاؤ،گرفتاریوں کا حکم

،تصویر کا ذریعہAFP
عراق کے دارالحکومت بغداد کے گرین زون میں ہزاروں کی تعداد میں مقتدیٰ الصدر کے حامی شیعہ مظاہرین نے پارلیمان کی عمارت پر دھاوا بولنے کے بعد اب بھی عمارت کے باہر ڈیرا ڈال رکھا ہے جبکہ وزیر اعظم حیدر العبادی نے مظاہرین کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
یہ گرین زون بغداد کا وہ علاقہ ہے جہاں سخت ترین سکیورٹی میں دنیا کے سفارتخانے، اہم دفاتر اور عمارتیں واقع ہیں۔
٭ <link type="page"><caption> بغداد میں شیعہ مظاہرین پارلیمان کے اندر گھس گئے</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/world/2016/04/160430_iraq_protest_parliament_baghdad_sz.shtml" platform="highweb"/></link>
٭<link type="page"><caption> اصلاحات کے حق میں بڑے مظاہرے کی کال</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/world/2016/04/160426_iraq_grand_protest_sr.shtml" platform="highweb"/></link>
حکومت کی جانب سے ہنگامی حالات کا نفاذ بھی کر دیا گیا ہے اور وزیراعظم حیدر العبادی کا کہنا ہے کہ شہر میں صورتحال کنٹرول میں ہے۔
لیکن گذشتہ روز جب مظاہرین پارلیمان کی عمارت میں داخل ہوئے تھے تب سے صورت حال جوں کی توں ہے اور اس علاقے میں سخت گیر شیعہ رہنما مقتدی الصدر کے حامیوں کی ہنگامہ آرائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
سکیورٹی حکام کی جانب سے قابو پانے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا گیا اور فائرنگ بھی ہوئی تاہم تشدد کا کوئی بڑا واقعہ نہیں پیش آیا۔
خبررساں اداروں کے مطابق مقتدیٰ الصدر کی ملیشیا کے کارکنان نے مظاہرے کے انتظامات سنبھالے ہوئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ ایک منصوبے کے تحت مقتدیٰ الصدر وزیراعظم حیدرالعبادی پر کابینہ کے کئی وزرا کو تبدیل کرکے ان کی جگہ نئے وزیر مقرر کرنے کا دباؤ ڈال رہے ہیں۔
لیکن پارلیمان کی کئی جماعتیں ان تبدیلیوں کی منظوری کے خلاف ہیں اور کئی ہفتوں سے یہ معاملہ تعطل کا شکار ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
اس سیاسی تعطل کے خلاف اس ہفتے کے اوائل میں ہزاروں لوگوں نے بغداد کے گرین زون علاقے میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا تھا۔
مقتدیٰ الصدر کے حامیوں کا خیال ہے کہ ٹیکنوکریٹس کی نئی حکومت موجود کابینہ سے کم بدعنوان ہوگی، جو سیاسی جماعتوں اور مذہبی وفاداریوں کی بنیاد پر قائم ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم حیدر العبادی نے مظاہرین نے احتجاج کے لیے مختص علاقوں میں چلے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
حیدر العبادی نے 2014 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد کہا تھا کہ وہ ملک سے کرپشن اور فرقہ وارانہ کشیدگی کو ختم کر دیں گے لیکن ابھی تک وہ اس میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
مقتدیٰ الصدر عراق میں مہدی آرمی نامی ملیشیا کے سربراہ ہیں جنھوں نے ملک میں امریکہ کے خلاف زبردست مہم شروع کر رکھی تھی۔
سنہ 2006 تا 2007 میں ان کی عسکری تنظیم پر ہزراوں سنیوں کو تشدد کر کے قتل کرنے کا بھی الزام ہے۔ اس دوران وہ ایران فرار ہوگئے تھے۔
وہ 2011 میں ایران سے دوبارہ عراق واپس آ گئے تھے اور عراقیوں کو امن کے لیے متحد ہونے کی اپیل کی تھی۔







