ٹرمپ ریلی کے بعد جھڑپیں، 20 افرادگرفتار

،تصویر کا ذریعہREUTERS

امریکہ میں رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کے خواہشمند ڈونلڈ ٹرمپ اپنی مہم کو اورنج کاؤنٹی لے کر آئے ہیں جہاں ان کی تقریر کے بعد مظاہرین اور ٹرمپ کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں میں 20 افراد گرفتار ہوئے ہیں۔

شور مچاتے مظاہرین اور ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کے درمیان کیلیفورنیا کی اورنج کاؤنٹی میں جھڑپیں ہوئیں۔ ان جھڑپوں کے نتیجے میں 20 افراد گرفتار کیے گئے ہیں۔

ٹرمپ نے جمعرات کو پیسفیک ایمفی تھیٹر میں تقریر کی اور اس دوران درجنوں مظاہرین پرامن رہے۔

تاہم تقریر ختم ہونے کے بعد مظاہرہ پر امن نہ رہا اور سڑکوں پر جھڑپیں شروع ہوگئیں۔

اورنج کاؤنٹی پولیس کے مطابق 20 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک حامی کو مظاہرین نے اس وقت مارا جب وہ تقریر سن کر باہر جا رہے تھے۔

مظاہروں میں شامل ایک شخص نے پولیس کی گاڑی پر چھلانگ ماری جس کے نتیجے میں پولیس کار کا اگلا اور پچھلا شیشہ ٹوٹ گیا۔ دیگر مظاہرین نے پولیس کار پر سپرے پینٹ کیا۔

پیسفیک ایمفی تھیٹرکے قریب سینکڑوں مظاہرین نے سڑکیں بلاک کر دیں اور میکسیکو کے جھنڈے لہرائے اور سیلفیاں بنائیں۔

تاہم تقریر ختم ہونے کے تین گھنٹے بعد مظاہرین منتشر ہونا شروع ہو گئے۔

،تصویر کا ذریعہREUTERS

اس سے قبل مظاہرین نے ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریر سننے کے لیے جانے والے افراد کو طعنوں کا نشانہ بنایا۔اس کے جواب میں ٹرمپ کے حامیوں نے مظاہرے میں شامل اس شخص کو گھیر لیا جو میکسیکو کا جھنڈا لہرا رہا تھا اور چلا رہا تھا ’دیوار بناؤ، دیوار بناؤ‘۔

یاد رہے کہ رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کے خواہشمند ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ میکسیکو سے غیر قانونی طور پر امریکہ آنے والے لوگوں کو روکنے کے لیے سرحد پر دیوار تعمیر ہونی چاہیے۔

ایک موقعے پر برنی سینڈرز کی چند حمایتی ایمفی تھیٹر کے باہر پہنچیں اور ان کا کہنا تھا کہ وہ ٹرمپ کی جانب سے جنسی برابری اور خواتین کے حقوق پر بات نہ کرنے کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں۔

اس سے قبل کیلیفورنیا میں ایک ریلی کے دوران ٹرمپ کے حمایتیوں اور مظاہرین میں جھگڑا ہوا۔ تاہم اس وقت ٹرمپ موجود نہیں تھے۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی مہم کے دوران کافی بڑا مجمع جمع کرنے میں کامیاب رہے ہیں اور جمعرات کو ہونی والی ریلی میں بھی بڑا مجمع موجود تھا۔

ایمفی تھیٹر میں 18 ہزار افراد موجود تھے جبکہ سینکڑوں افراد اندر نہ جا سکے۔