سینڈرز نے ویمنگ میں بھی کلنٹن کو شکست دے دی

 مسٹر سینڈز نے مسز کلنٹن کے 21 ووٹوں فیصد ووٹوں کے مقابلے میں 79 فیصد کے قریب ووٹ حاصل کیے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشن مسٹر سینڈز نے مسز کلنٹن کے 21 ووٹوں فیصد ووٹوں کے مقابلے میں 79 فیصد کے قریب ووٹ حاصل کیے

امریکہ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے لیے صدارتی امیدوار کی دوڑ میں شامل برنی سینڈرز نے ریاست ویمنگ میں پارٹی ممبران کے زیادہ ووٹ حاصل کر کے ہلیری کلنٹن کو شکست دے دی ہے۔

برنی سینڈرز نے حال ہی میں آٹھ ریاستوں میں ہونے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے انتخابات میں سے سات میں فتح حاصل کی ہے۔ تاہم ان کی حریف ہلیری کلنٹن کو اب بھی ان پر واضح برتری حاصل ہے۔

دونوں امیدوار رواں ماہ ریاست نیویارک میں پارٹی کے صدارتی امیدوار کے چناؤ کے لیے ہونے والے انتخابات کی بھرپور تیاری کر رہے ہیں۔

اس سے قبل سینڈرز نے واشنگٹن، الاسکا اور ہوائي میں بھی کامیابیاں حاصل کیں تھیں۔ ان حالیہ کامیابیوں کے بعد برنی سینڈرز کے حمایتی مزید فتوحات کے لیے پر امید نظر آتے ہیں۔

خیال رہے کہ اب تک ہونے والے پرائمری انتخابات میں ہلیری کلنٹن کوسینڈرز کے 1061 مندوبین کے مقابلے میں 1749 مندوبین کی حمایت حاصل ہے۔

پارٹی کا صدارتی امیدوار بننے کے لیے 2383 مندوبین کی حمایت ضروری ہے۔

یاد رہے کہ امریکہ میں صدارتی انتخابات رواں برس 8 نومبر کو منعقد ہو رہے ہیں۔