جھوٹ ٹرمپ کی گھٹی میں شامل ہے: سینڈرز

،تصویر کا ذریعہReuters
امریکہ میں صدارتی اُمیدوار کی دوڑ میں شامل ریپبلکن اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی منسوخ ہونے کے بعد ڈیموکریٹ پارٹی کے اُمیدوار برنی سینڈرز نے بھرپور مقابلے کی امید ظاہر کی ہے۔
ریپبلکن اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے برنی سینڈرز پر الزام عائد کیا تھا کہ ُان کے بھیجے گئے مظاہرین نے ریلی کو متاثر کیا۔
یہ تناؤ جمعے کو شکاگو میں پرتشدد مظاہرے کے بعد ریپبلکن اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی منسوخ ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔
مسٹر سینڈرز نے کہا کہ جھوٹ ڈونلڈ ٹرمپ کی گُھٹی میں ہے۔
اُن کی حریف ہیلری کلنٹن نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام عائد کیا کہ انھوں نے اپنے حامیوں کو تشدد پر اُکسایا تھا۔
منگل کو ریاست فلوریڈا اور آوئیوا میں ریپبلکن اور ڈیموکریٹس کی ابتدائی ووٹنگ ہو گی۔
صدراتی اُمیدوار کی دوڑ میں تیسرے نمبر پر ریپبلکن اُمیدوار مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ ریاست فلوریڈا اُن کی آبائی ریاست ہے اور ریپبلکن اُمیدوار کی نامزدگی کے لیے، جسے مسٹر ٹرمپ نے ’مغوی‘ بنایا ہوا ہے، یہاں سے اُن کی کامیابی بہت ضروری ہے۔
مسٹر ٹرمپ کے الزامات کے جواب میں مسٹر سینڈرز نے کہا کہ ارب پتی کو اپنے حامیوں کو یہ بھی بتانا چاہیے کہ سیاسی مراحل میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوسری جانب ہیلری کلنٹن نے الزام عائد کیا کہ ریپبلکن نفرت اور خوف کی مہم چلا رہے ہیں۔
جمعے کو شکاگو میں ریلی کی جگہ سینکڑوں مظاہرین اکٹھا ہوئے اور آڈیٹوریم میں ٹرمپ کے حامیوں اور مظاہرین کے درمیان جھگڑا شروع ہوا۔

،تصویر کا ذریعہ
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا کہ پولیس کے آنے کے بعد امیدوار نے اپنی ریلی منسوخ کر دی جبکہ شکاگو پولیس کے ترجمان نے کہا کہ پولیس نے مسٹر ٹرمپ کو ریلی منسوخ کرنے کی تجویز نہیں دی تھی۔
ریلی کی منسوخی کے بعد چھڑپیں چار گھنٹے سے زیادہ دیر تک جاری رہیں۔
ریلی کی منسوخی کے بعد فوکس نیوز سے بات کرتے ہوئے مسٹر ٹرمپ نے نفرت انگیز تقریر کرنے کے الزام کو مسترد کیا۔ ریلی کو منسوخ کرنے کے فیصلے کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ’میرے خیال میں ہم نے بہت اچھا کیا اور ہم نے ایک ذہین فیصلہ کیا۔‘
ریپبلکن جماعت میں ڈونلڈ ٹرمپ کے حریف مارکو روبیو اور ٹیڈ کروز نے اس واقعے کو ’افسوسناک‘ قرار دیا۔اس سے پہلے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی کئی ریلیاں متاثر ہوئی ہیں۔







