’داعش نے شامی فوج کے خلاف مسٹرڈ گیس استعمال کی‘

،تصویر کا ذریعہAFP
شام کے سرکاری میڈیا نے خود کو دولتِ اسلامیہ کہلانے والے شدت پسند تنظیم پر ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں حکومتی افواج کے خلاف مسٹرڈ گیس استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق دیر الزور میں واقع ایک ہوائی اڈے پر قبضے کے دوران دولتِ اسلامیہ نے حکومتی افواج کے خلاف مسٹرڈ گیس کا استعمال کیا۔
دوسری جانب شام کے صوبے حلب سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق باغیوں نے ایک سرکاری جنگی طیارے کو مار گرایا ہے۔
غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق النصرہ فرنٹ سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں نے گرائے جانے والے جہاز کے عملے کے ایک رکن کو زندہ گرفتار کر لیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے نیوز ایجنسیوں کی مانیٹرنگ سائٹس اور باغیوں کے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ مار گرائے جانے والے جنگی جہاز کے پائلٹ کو القاعدہ سے منسلک ایک تنظیم اپنے ساتھ لے گئی ہے۔
ادھر شام کے سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ جنگی جہاز کو زمین سے فضا تک مار کرنے والے میزائل سے اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہاں ریسکیو آپریشن جاری تھا تاہم سرکاری ٹی وی نے پائلٹ کے پکڑنے جانے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔
شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا کے مطابق دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں نے دیر الزور کے فوجی ہوائی اڈے پر راکٹوں سے حملہ کیا جن میں مسٹرڈ گیس تھی۔
دولتِ اسلامیہ نے دو لاکھ افراد پر مشتمل آبادی والے دیر الزورکا گذشتہ کئی ماہ سے محاصرہ کر رکھا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ دیر الزور کا ہوائی اڈا شام کے جنوبی حصے میں واقع ہے اور اس کا شمار حکومت کے آخری کلیدی اثاثوں میں ہوتا ہے۔







