جنوبی کوریا کے ایوانِ صدر پر حملے کی جنگی مشقیں

1968 میں بھی شمالی کوریا کے کمانڈوز جنوبی کوریا کے ایوانِ صدر بلو ہاؤس کو نشانہ بنا چکے ہیں
،تصویر کا کیپشن1968 میں بھی شمالی کوریا کے کمانڈوز جنوبی کوریا کے ایوانِ صدر بلو ہاؤس کو نشانہ بنا چکے ہیں

شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ اس نے بھاری اسلحے کی مشق کی ہے جس کا مقصد جنوبی کوریا کے ایوانِ صدر پر حملے کا نمونہ پیش کرنا تھا۔

شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی کے سی این اے کا کہنا ہے کہ ان تمام مشقوں کی نگرانی شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ ال خود کر رہے تھے، جنھوں نے فوج کو بلا کر کہا تھا کہ وہ کسی کی پروا کیے بغیر جنوبی کوریا کی حکومت کو ختم کرنے کے لیے تیار ہو جائیں۔

یہ بیان پیانگ یانگ کی جانب سے غصے کے اظہار کا ایک نیا طریقہ ہے۔

ادھر جنوبی کوریا کی صدر پارک گون ہائے نے بھی اپنی فوج کو تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔ انھوں نے جمعرات کو یہ بیان بھی دیا ہے کہ ’ایسی غیر ذمہ دارانہ اشتعال انگیزی اختیار کر کے شمالی کوریا کی حکومت خود ہی اپنی تباہی کے راستے پر جا رہی ہے۔‘

اپنے جوہری اور دور مار میزائلوں کے تجربے کے نتیجے میں اقوام متحدہ کی جانب سے سخت ترین پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد سے شمالی کوریا اس شدید ردعمل کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

پیانگ یانگ کو اس بات پر بھی شدید غصہ ہے کہ امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقیں اس کی سرحد کے جنوب میں کی جا رہی ہیں۔

جنوبی کوریا کی صدر پارک گون ہائے نے اپنی فوج کو تیار رہنے کا حکم دیا ہے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنجنوبی کوریا کی صدر پارک گون ہائے نے اپنی فوج کو تیار رہنے کا حکم دیا ہے

اپنے تلخ لہجے کے لیے مشہور کے سی این اے کی اس رپورٹ میں جنوبی کوریا کی صدارتی رہائش گاہ ’بلو ہاؤس‘ کو ’آگ اور خاک کے سمندر‘ میں تبدیل کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

حالیہ مشقوں کے بارے میں ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ ’اسلحے کے گولے بجلی کی سی تیزی کے ساتھ ہوا میں اڑ رہے تھے اور شور مچاتے ہوئے بلو ہاؤس کی طرف جا رہے تھے۔‘

یہ بات واضح نہیں ہے کہ مشقیں کس وقت کی گئیں لیکن ایجنسی کے مطابق ان کا مقصد صدر پارک کو ان کے ’خطرناک انجام‘ سے خبردار کرنا تھا۔

اس سے قبل 1968 میں بھی شمالی کوریا کے کمانڈوز بلو ہاؤس کو نشانہ بنا چکے ہیں۔ اس وقت کے صدر پارک چنگ ہی کو قتل کرنے کی یہ کوشش تو کامیاب نہیں ہو سکی تھی لیکن اس کے بعد جنوبی کوریا کے سات اور شمالی کوریا کے 31 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔