’میدان خالی کر دیں، اب مقابلہ ٹیڈ کے ساتھ ہے‘

،تصویر کا ذریعہReuters

امریکہ میں صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل ریپبلکن پارٹی کے سب سے زیادہ حمایت یافتہ امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے دیگر امیدواروں پر زور دیا ہے کہ وہ اس دوڑ سے باہر ہو جائیں اور اب وہ اپنے دوسرے بڑے مقابل ٹیڈ کروز کا براہ راست مقابلہ کریں گے۔

دوسری جانب ٹیڈ کروز نے نے بھی اسی خیال کا اظہار کیا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ان کی جماعت کے دیگر امیدوار، مارکو روبیو اور جان کسیچ، ایک طرف ہو جائیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ اور ٹیڈ کروز نے ان خیالات کا اظہار ریپلکن پارٹی کے سنیچر کے انتخابات کے بعد کیا ہے جن میں دونوں امیدواروں کو دو دو ریاستوں میں کامیابی ملی ہے۔

دوسری جانب ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی نامزدگی کی دوڑ میں شامل برنی سینڈرز کو اگرچہ دو ریاستوں میں کامیابی حاصل ہوئی ہے، تاہم ہلری کلنٹن ریاست لوزیانا میں زبردست کامیابی کے بعد اب بھی سب سے آگے ہیں۔

سنیچر کو ریاست کینٹیکی اور لوزیانا میں ابتدائی مرحلے (پرائمریز) میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اب ’میں ٹیڈ کروز کے ساتھ براہ راست ٹکراؤ کے لیے تیار ہوں۔‘

ریپلکن پارٹی کے دوسرے امیدواروں کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’مجھے معلوم ہے کہ مارکو روبیو کے لیے گزشتہ رات بہت ہی بری تھی، اس لیے ان کو میرا ذاتی مشورہ یہی ہے کہ وہ اس دوڑ سے باہر ہو جائیں۔ میرا خیال ہے کہ اب واقعی انھیں اس دوڑ سے نکل جانا چاہیے۔‘

دوسری جانب ریاست کینساس اور ریاست مین میں ریپبلکن پارٹی کے نامزدگی کا انتخاب جیتنے والے ٹیڈ کروز کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں بھی ’جب تک میدان میں ایک سے زیادہ امیدار رہیں گے، اس کا فائدہ ڈونلڈ ٹرمپ کو ہی ہوگا۔‘