’موزمبیق سے ملبے والا ٹکڑا ایم ایچ 370 کا ہوسکتا ہے‘

 سمندر کی گہرائی تک کی جانے والی تلاش کے باوجود تاحال طیارہ اور اس کے تمام مسافر لاپتہ ہیں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشن سمندر کی گہرائی تک کی جانے والی تلاش کے باوجود تاحال طیارہ اور اس کے تمام مسافر لاپتہ ہیں

ملائیشیا کے وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ اس بات کا ’قوی امکان‘ ہے کہ موزمبیق سے بوئنگ 777 کا ملنے والا ملبہ ملائشیا ایئرلائنز کی حادثے کا شکار ہونے والی پرواز فلائٹ ایم ایچ 370 کا ہے۔

ایک میٹر لمبا دھات کا ایک ٹکڑا ہفتہ وار چھٹیوں میں موزمبیق کے ساحل سمندر سے ملا تھا۔

مارچ 2014 کو ملائشیا ایئر لائنز کی کوالالمپور سے بیجنگ جانے والی پرواز ایم ایچ 370 لاپتہ ہوگئی تھی۔ لاپتہ ہونے والے طیارے میں 239 مسافر سوار تھے۔

آسٹریلیا کی سربراہی میں سمندر کی گہرائی تک کی جانے والی تلاش کے باوجود تاحال طیارہ اور اس کے تمام مسافر لاپتہ ہیں۔

ملائیشیا کے وزیر ٹرانسپورٹ لیو ٹیونگ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس بات کا ’قوی امکان ہے کہ موزمبیق سے ملنے والا ملبہ بی 777 کا ہے۔‘

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’میں سب سے گزارش کرتا ہوں کہ غیرضروری قیاس آرائی سے اجتناب کیا جائے کیونکہ ہم ابھی تک اس نتیجے پر نہیں پہنچے کہ ملبہ ایم ایچ 370 کا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ملائشیا کی ایوی ایشن ٹیمیں اپنے آسٹریلیوی ہم منصبوں کے ساتھ ملبے کی جانچ پڑتال کر رہی ہے۔

امریکی شہری بلائن ایلن گبسن کا کہنا تھا کہ انھیں یہ ٹکڑا موزمبیق کے ساحل سے ملا

،تصویر کا ذریعہBlaine Alan Gibson

،تصویر کا کیپشنامریکی شہری بلائن ایلن گبسن کا کہنا تھا کہ انھیں یہ ٹکڑا موزمبیق کے ساحل سے ملا

دوسری جانب آسٹریلیا کے انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے وزیر ڈیرن چیسٹر نے ایک بیان میں کہا ہے جس جگہ سے یہ ٹکڑا ملا ہے وہ ملبے کے سمندری بہاؤ کے ساتھ مماثلت رکھتا ہے اور ’جنوبی بحرہند میں ایم ایچ 370 کی تلاش کے علاقے کی توثیق کرتا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ اس ٹکڑے کو معائنے کے لیے آسٹریلیا منتقل کیا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ اگر موزمبیق سے ملنے والے اس ٹکڑے کی تصدیق ہوجاتی ہے تو یہ لاپتہ طیارے کا ملنے والا دوسرا ٹکڑا ہوگا۔ گذشتہ برس بحرہند میں واقع ری یونین جزیرے سے جہاز کے پر کا ایک ٹکڑا ملا تھا۔