برازیلی پولیس کا سابق صدر کی رہائش گاہ پر چھاپہ

،تصویر کا ذریعہAFP
برازیل کی پولیس نے ریاستی آئل کمپنی پیٹروبراس میں بدعنوانی کے حوالے سے جاری تحقیقات کے دوران ملک کے سابق صدر لوئیز لولا ڈی سلوا کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سابق صدر کو تفتیش کے لیے بھی لے جایا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے سلسلے میں 33 مقامات کی تلاشی اور 11 افراد کے حراستی وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔
آپریشن کار واش کے نام سے معروف اس تحقیقات میں پیٹروبراس میں بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے الزامات کی تحقیقات جاری ہیں۔
لوئیز لولا ڈی سلوا دو مرتبہ برازیل کے صدر منتخب ہوئے تھے اور انھوں نے یہ عہدہ سنہ 2011 میں چھوڑا تھا۔
ساؤ پاؤلو کے قریب ساؤ برنارڈو میں واقع سابق صدر کی رہائش گاہ پر چھاپہ جمعے کی صبح مارا گیا۔
اس کے علاوہ ساؤ پاؤلو میں واقع ان کے انسٹیٹیوٹ اور ان کے ایک بیٹے فیبیو لوئیز سے متعلقہ عمارتوں کی بھی تلاشی لی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق تحقیقاتی ادارے اس رخ پر تحقیقات کر رہے ہیں کہ اس آپریشن کا ہدف بننے والی تعمیراتی کمپنیوں نے ممکنہ طور پر صدر لولا کی رینچ کی تعمیر کے اخراجات ادا کیے ہوں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آپریشن کار واش کے دوران برازیل میں سیاست دانوں سمیت درجنوں افراد کو یا تو حراست میں لیا گیا ہے یا ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔







