عراق: جنازے میں خود کش دھماکہ، 38 افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہReuters
عراق میں حکام کے مطابق ملک کے شمال مشرقی حصے ایک جنازے میں ہونے والے خود کش بم دھماکے میں کم سے کم 38 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ دارالحکومت بغداد کے شمال میں اس وقت ہوا جب لوگ قبرستان میں تدفین کے لیے جمع تھے۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں اہم شیعہ رہنما شامل ہیں۔
خود کو دولتِ اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے سکیورٹی اہلکاروں کے حوالے سے بتایا کہ پیر کو ہونے والے خود کش حملے میں دو شیعہ کمانڈروں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ ایک جنازے میں شریک تھے۔
اہلکاروں کے مطابق خود کش حملہ آور شیعہ کمانڈروں کی جانب بڑھا اور اس نے بارود سے بھری واسکٹ کو دھماکے سے اڑا دیا۔
عراق میں شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے افراد اکثر سنی تشدد پسندوں کے ہاتھوں نشانہ بنتے رہتے ہیں۔



