فرانس: اراکینِ پارلیمنٹ کا آئینی ترامیم کے حق میں ووٹ

ملک میں ان ترامیم پر کئی مبصرین اور نمایاں سیاست دانوں کی جانب سے تنقید بھی دیکھنے میں آئی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنملک میں ان ترامیم پر کئی مبصرین اور نمایاں سیاست دانوں کی جانب سے تنقید بھی دیکھنے میں آئی ہے

فرانس کی پارلیمنٹ کی جانب سے آئین میں کی جانے والی ترامیم کے تحت ملک میں دہشت گردی کے مرتکب افراد کی شہریت منسوخ کی جاسکے گی۔

فرانسیسی پارلیمان کے ایوانِ زیریں کی جانب سے یہ متنازع ترامیم ملک میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد کی گئی ہیں۔

پارلیمان کی جانب سے کی جانے والے ترامیم کے تحت دہشت گردوں کی شہریت منسوخ کرنے کے علاوہ آئین میں ایمرجنسی کے نفاذ کی دفعات بھی مستقل طور پر شامل کی گئی ہیں۔

فرانسیسی اراکینِ پارلیمنٹ کی بڑی اکثریت نے ان ترامیم کے حق میں ووٹ ڈالا ہے۔ ایوانِ زیریں میں ہونے والی ووٹنگ میں ان ترامیم کے حق میں 317 جبکہ مخالفت میں 199 ووٹ پڑے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ ترامیم ابھی حتمی نہیں ہیں ان کو آئین کا مستقل حصہ بنانے سے پہلے ملک کے ایوانِ بالا اور پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے بھی ان کی منظوری ضروری ہے۔

ملک میں ان ترامیم پر کئی مبصرین اور نمایاں سیاست دانوں کی جانب سے تنقید بھی دیکھنے میں آئی ہے اور گذشتہ ماہ ملک کے وزیرِ قانون ان ترامیم کے خلاف احتجاجاً اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

ملک کی حکمراں سوشلسٹ جماعت کے اراکین کی بڑی تعداد ان ترامیم کی مخالف ہے اور اسی لیے کچھ تجزیہ نگاروں کا موقف ہے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ان ترامیم کو منظور کروانا آسان نہیں ہوگا۔