ہیلری اور برنی کے درمیان خارجہ پالیسی پر شدید بحث

یہ مباحثہ منگل کو نیو ہمپشائر میں ہونے والے کاکس سے قبل آخری مباحثہ تھا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنیہ مباحثہ منگل کو نیو ہمپشائر میں ہونے والے کاکس سے قبل آخری مباحثہ تھا

امریکہ کی ڈیموکریٹ پارٹی کے صدارتی اُمیدوار بننے کے خواہشمند امیدواروں ہیلری کلنٹن اور برنی سینڈرز کے پہلے باہمی مباحثے میں ملک کی خارجہ پالیسی اور وال سٹریٹ پر شدید بحث ہوئی ہے۔

ہلیری کلنٹن نے برنی کو ایک آئیڈیئلسٹ قرار دیا، جو چیزوں کو نہیں ہونے دینا چاہتے جبکہ سینڈرز نے ہیلری پر الزام لگایا کہ وہ حقیقی تبدیلی کے حصول کے لیے اسٹیبلشمنٹ سے ضرورت سے زیادہ قریب ہیں۔

نیو ہیمپشائر میں ہونے والا مباحثہ ڈیموکریٹ اُمیدواروں کے درمیان مقابلے کی دوڑ میں صرف دو اُمیدوار باقی رہ جانے کے بعد منعقد ہونے والا پہلا ٹی وی مباحثہ تھا۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ سینڈرز کی تجاویز جیسے کہ عالمی صحت عامہ بہت زیادہ مہنگی ہیں اور اُن کا حصول ناممکن ہے۔

اُنھوں نے اُس وقت اپنے حریف پر جارحانہ انداز میں وار کیے جب اُنھوں نے ہلیری کو وال سٹریٹ کی جیب میں ہونے والی خاتون کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی۔

ہلیری کا کہنا تھا کہ ’یہ کسی کو چالاکی سے بدنام کرنے کی مہم ختم کرنے کا وقت ہے جو کہ آپ (سینڈرز) اور آپ کی مہم کر رہی ہے۔‘

ورمونٹ سے تعلق رکھنے والے سینیٹر سینڈرز اُن کے خلاف پسندیدہ حملوں کا استعمال کیا کہ اُنھوں نے عراق جنگ کی حمایت کی، جس پر ہیلری نے اُن کی خارجہ پالیسی کی مہارت کے حوالے سے سوالات اُٹھائے۔

یہ مباحثہ منگل کو نیو ہمپشائر میں ہونے والے کاکس سے قبل آخری مباحثہ تھا۔

سینڈرز نیوہمشائر میں کافی آگے ہیں کیونکہ اِس کی سرحد ورمونٹ کے ساتھ ملتی ہے جہاں سے وہ سینیٹر ہیں۔

ریاست آئیووا میں ڈیموکریٹس کے پہلے کاکس میں ہلیری کلنٹن نے طویل گنتی کے بعد سینڈرز کو بہت کم ووٹوں سے شکست دی تھی۔

ڈیموکریٹس اور ریپبلکن دونوں جماعتیں جولائی میں ہونے والے کنونشن میں اپنے صدارتی اُمیدواروں کا باضابطہ اعلان کریں گی جس کے بعد امریکی عوام نومبر میں ووٹ کے ذریعے سے وائٹ ہاؤس کے نئے مکین کا انتخاب کریں گے۔