ٹرمپ کا آخری ریپبلکن مباحثے کے بائیکاٹ کا اعلان

گذشتہ سال اگست میں ہونے والی پہلی صدارتی بحث میں ڈونلڈ ٹرمپ اور چینل فاکس نیوز کی میزبان میگن کیلی کے درمیان تلخ گفتگو ہوئی تھی
،تصویر کا کیپشنگذشتہ سال اگست میں ہونے والی پہلی صدارتی بحث میں ڈونلڈ ٹرمپ اور چینل فاکس نیوز کی میزبان میگن کیلی کے درمیان تلخ گفتگو ہوئی تھی

ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کے خواہشمند ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ ریاست آئیووا میں منعقد ہونے والے کاکس سے پہلے آخری ریپبلکن مباحثے میں حصہ نہیں لیں گے۔

امریکہ میں کاکس کے دوران سیاسی جماعتوں کے مخصوص ارکان اپنی جماعت کے امیدوار کا انتخاب کرتے ہیں۔

ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انھیں خدشہ ہے کہ اس مباحثے کی میزبان فاکس نیوز سے تعلق رکھنے والی میگن کیلی ان سے منصفانہ سلوک نہیں کریں گی۔

گذشتہ سال اگست میں ہونے والی پہلی صدارتی بحث میں ٹرمپ اور کیلی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی۔

فاکس نیوز نے ڈونلڈ ٹرمپ پر الزامات عائد کیے ہیں کہ انھوں نے میگن کیلی پر شدید تنقید کرنے کے ساتھ ساتھ انھیں ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا۔

چینل نے ایک بیان میں کہا ہے: ’ہم اپنے کسی بھی ملازم کے ساتھ کسی بھی قسم کا دھمکی آمیز رویہ برداشت نہیں کر سکتے ہیں۔‘

ٹرمپ کی انتخابی مہم کے مینیجر کورل لیوانڈاؤسکی نے بحث سے ان کی غیر حاضری کا اعلان منگل کی شام کو کیا۔

آخری صدارتی مباحثہ دو روز بعد منعقد ہوگا۔

ڈانلڈ ٹرمپ نے میگن کیلی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان کے ساتھ ’کھیل رہی تھیں‘

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنڈانلڈ ٹرمپ نے میگن کیلی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان کے ساتھ ’کھیل رہی تھیں‘

فاکس نیوز نے کورل لیوانڈاؤسکی پر میگن کیلی کو دھمکی دینے کا الزام عائد کیا ہے۔

اپنے بیان میں فاکس نیوز نے کہا: ’سنیچر کو فاکس نیوز کے ایک نمائندے سے بات کرتے ہوئے کورل نے کہا کہ ’گذشتہ بحث کے بعد میگن کو چند دن مشکل حالات کا سامنا رہا تھا‘ اور یہ کہ وہ ’نہیں چاہیں گے کہ انھیں دوبارہ ویسے حالات سے گزرنا پڑے۔‘

فاکس نیوز نے مزید کہا: ’لیوانڈسکی کو مزید دھمکیاں دینے سے خبردار کیا گیا لیکن وہ پھر بھی باز نہ آئے۔‘

چینل نے کہا ہے کہ صدارتی امیدوار بننے کے خواہشمندوں کے مباحثے میں ڈونلڈ ٹرمپ کا خیر مقدم کیا جائے گا اور ان کے ساتھ مناسب رویہ بھی اختیار کیا جائے گا لیکن ’وہ سوالوں یا میزبان کو کنٹرول نہیں کر سکتے ہیں۔‘

فاکس نے یہ بھی کہا کہ ’ہمیں نہیں پتہ کہ آئیووا کے لوگوں کی اس بارے میں کیا رائے ہوگی کہ ٹرمپ آخری لمحات میں بحث میں شرکت کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔‘

اس سے پہلے ٹرمپ نے میگن کیلی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان کے ساتھ ’کھیل رہی تھیں۔‘

ٹرمپ نے کہا تھا کہ: ’میری شخصیت ان لوگوں سے مختلف ہے۔ وہ میرے ساتھ اس طرح نہیں کھیل سکتے ہیں جس طرح دیگر لوگوں کے ساتھ کھیلتے ہیں۔ کرنے دو انھیں اپنی بحث اور دیکھتے ہیں کہ انھیں کتنی ریٹنگز ملتی ہیں۔‘

ٹرمپ کے اس غیر متوقع قدم کے بعد ان کے سب سے بڑے حریف اور ٹیکساس کے سینیٹر ٹیڈ کروز نے انھیں آمنے سامنے ایک بحث کے مقابلے میں شرکت کرنے کا چیلنج کیا۔

منگل کی رات کو فاکس نیوز پر اپنے پروگرام ’دا کیلی فائل‘ میں میگن کیلی نے کہا کہ ’یہ مباحثہ ضرور منعقد ہوگا، ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ یا پھر ان کے بغیر۔‘