جکارتہ حملے: ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ

انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں جمعرات کو ہونے والے سلسلہ وار دھماکوں میں ہونے والی ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، اس طرح پولیس کے مطابق مرنے والوں کی تعداد اب آٹھ ہو گئی ہے جن میں چار عام شہری بھی شامل ہیں۔

شروع میں حکام کا خیال تھا کہ حمہ آووروں کی تعداد پانچ تھی، لیکن بعد میں پتہ چلا کہ ایک شخص جس کو جنگجو سمجھا جا رہا تھا وہ ایک عام شہری تھا۔

تمام حملہ آووروں کو جن میں دو سابقہ سزا یافتہ مجرم بھی شامل ہیں مار دیا گیا تھا۔

خود کو دولتِ اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم نے حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

جکارتہ

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنحملوں کے بعد شہر میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے

انڈونیشیا کی سکیورٹی افواج اور شدت پسندوں کے درمیان کئی گھنٹوں کے مقابلے میں کم از کم 20 افراد زخمی ہوئے تھے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

شدت پسندوں نے دارالحکومت کے ایک سٹار بکس کیفے، ایک سنیما اور اقوامِ متحدہ کے دفاتر کو نشانہ بنایا تھا۔

دولتِ اسلامیہ کی جانب سے جاری ہونے والے آن لائن بیان میں ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی گئی تھی۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ حملے ان کی خلافت کے سپاہیوں نے کیے ہیں جن میں صلیبی اتحادیوں کے شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک کینیڈین اور ایک انڈونیشیائی شہری شامل ہے۔