ٹرمپ مسلمانوں پر پابندی کے موقف پر قائم

،تصویر کا ذریعہGetty
صومالیہ کے شدت پسند گروہ الشباب کی پروپیگنڈا ویڈیو میں اپنی تقریر کا اقتباس استعمال کیے جانے کے بعد ریپبکن پارٹی کا صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر مسلمانوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی کے موقف کا دفاع کیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ لوگوں نے ان کی تعریف کی تھی کہ انھوں نے اس ’مسئلے‘ پر دیانتداری سے بات کی ہے جس پر بات کرنے سے دوسرے رہنما کتراتے ہیں۔
<link type="page"><caption> ڈونلڈ ٹرمپ کے مسلم مخالف بیان پر شدید ردِ عمل</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/world/2015/12/151207_donald_trump_muslims_sh" platform="highweb"/></link>
الشباب کی پراپیگنڈا ویڈیو میں ڈونلڈ ٹرمپ
ڈونلڈ ٹرمپ کے مسلم مخالف بیان پر شدید ردِ عمل
امریکی چینل سی بی ایس سے بات کرتے ہوئے ریپبلکن پارٹی کے امیدوار کا کہنا تھا کہ اب لوگ اس مسئلے پر ’بات کرنا شروع ہو گئے ہیں۔‘
ریاست کیلیفورنیا میں فائرنگ کے واقعے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ مسلمانوں کے امریکہ میں داخلے پر ’مکمل‘ پابندی عائد کر دینی چاہیے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سرحدوں کو اس وقت تک مکمل طور پر بند کر دینا چاہیے جب تک ’ہمارے ملک کے نمائندگان اس بات کا تعین نہیں کر لیتے کہ کیا ہو رہا ہے۔‘
ان کے اس بیان کی امریکہ میں شدید مذمت کی گئی تھی اور خود ان کی جماعت کے دوسرے صدارتی امیدواروں، صدر اوباما اور برطانوی وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرن نے بھی انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
بعد میں امریکہ کی سابق سیکریٹری خارجہ اور صدارتی امیدوار کی دوڑ میں شامل ہیلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے لیے ’ سب سے بڑے بھرتیاں کروانے والے‘ بنتے جا رہے ہیں۔
سی بی سی کے پروگرام میں ڈونلڈ ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ وہ اس بارے میں کیا کہتے ہیں کہ ان کے الفاظ کو الشباب مزید مسلمانوں کو جہاد کی جانب راغب کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہے؟
جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’دیکھیں۔ ایک مسئلہ موجود ہے، میں نے صرف اس پر بات کی ہے۔ کئی لوگوں نے مجھے سراہا ہے اور کہا کے آپ نے بڑی ہمت کا مظاہرہ کیا ہے اور اس مسئلے پر بات کی ہے، ورنہ یہ بات سچ ہے لیکن کوئی دوسرا اس معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتا۔‘
’وہ لوگ جن کے خیالات مجھ سے مختلف ہیں، وہ بھی اب یہی کہہ رہے ہیں کہ ہو سکتا ہے کہ ٹرمپ درست بات ہی کر رہے ہوں۔ وہ لوگ کہتے ہیں کہ اب وہ میری بات پر غور کرنا چاہتے ہیں۔‘
اس ویڈیو میں افریقی نسل کے امریکیوں سے مطالبہ کیا گیا ہے وہ اسلام قبول کرلیں اور ’مقدس جنگ‘ کا حصہ بنیں۔ ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں نسل پرستی، پولیس کے مظالم اور مسلمان مخالف جذبات غالب ہیں۔
واضح رہے کہ الشباب صومالیہ میں مغرب نواز حکومت کا تختہ الٹ کر شریعت کا نفاذ چاہتی ہے۔







