تارک وطن نے سپین کی لاٹری جیت لی

سینیگال سے کشتی کے ذریعے پورپ کا سفر کرنے والے ایک تارک وطن نے سپین کی سالانہ کرسمس لاٹری کے ذریعے 4,36,000 ڈالر کی انعامی رقم جیت لی ہے۔
نگاگنی نامی پناہ گزین سنہ 2007 میں اپنی بیوی کے ساتھ مراکش سے کشتی کے ذریعے سپین آئے تھے۔
نگاگنی نے سپین کے ایک اخبار کو بتایا کہ ان کے اور ان کی بیوی کے پاس پانچ یورو بھی نہیں بچے تھے۔
واضح رہے کہ 35 سالہ نگاگنی اور ان کی بیوی کو سنہ 2007 میں اس وقت بچا لیا گیا تھا جب وہ کشتی کے ذریعے سپین کا سفر کر رہے تھے کہ راستے میں اچانک ان کی کشتی الٹ گئی۔
نگاگنی آج کل روکیوسٹا ڈی مار میں رہائش پذیر ہیں جو سپین کے جنوب میں واقع ہے۔
نگاگنی نے سپین کے اخبار لا ووز ڈی المیرا کو بتایا کہ جس وقت ان کی کشتی الٹتی تو اس میں 65 افراد سوار تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا ’میں سپین کے باشندوں اور حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہو جنھوں نے مجھے اس وقت بچایا جب سمندر میں ہماری کشتی الٹ گئی تھی۔‘
نگاگنی نےصحافیوں کو بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ان کی نوکری بھی ختم ہو گئی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سپین کے اخبار لا ووز ڈی المیرا کے مطابق چار سال کی عمر میں سپین آنے والی ایک 18 سالہ تارکوطن لڑکی نے بھی سپین کی لاٹری کے انعام کا ایک حصہ جیت لیا ہے۔
اخبار نے امانس نامین نامی لڑکی کے حوالے سے بتایا ’ لاٹری کے انعام کا ایک حصہ جیتنے کے بعد ہم اپنی مرضی کے مطابق بہت کچھ کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔‘







