’استاد نے داعش سے منسوب حملے کے بارے میں جھوٹ بولا‘

،تصویر کا ذریعہAFP
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک سکول کے استاد جس نے دعویٰ کیا تھا کہ ان پر ایک شخص نے ’داعش‘ کہتے ہوئے حملہ کیا تھا، نے جھوٹ بولا ہے۔
استاد نے پیر کی صبح دعویٰ کیا تھا کہ پیرس کے ایک مضافاتی علاقے میں قائم ان کے سکول میں ایک شخص نے ان پر تب حملہ کیا تھا جب وہ اکیلے تھے۔
شہر کے مقامی استغاثہ کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ استاد سے پوچھ گچھ کر کے یہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ انھوں نے جھوٹ کیوں بولا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حکام کو اس استاد نے بتایا تھا کہ ایک شخص نے ’یہ داعش ہے اور یہ وارننگ ہے‘ کہتے ہوئے حملہ کر دیا تھا۔
حکام کا کہنا تھا کہ استاد کے بقول اس شخص نے یا تو کاغذ کاٹنے والے آلے یا قینچی سے حملہ کیا جس میں وہ زخمی ہوئے۔
یاد رہے کہ 13 نومبر کو پیرس میں ہونے والے حملوں کے بعد سے فرانس میں ہائی الرٹ ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیچر کو جسم اور گردن پر ضرب لگی۔
استاد کے مطابق حملہ آور نے اونی ٹوپی اور دستانے پہن رکھے تھے۔ حملہ آور سکول میں نہتا داخل ہوا تھا اور اس نے کلاس روم میں سے کاغذ کاٹنے والا آلہ یا قینچی اٹھائی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس واقعے کے بعد اس شمالی مضافاتی علاقے میں پولیس نے مبینہ حملہ آور کو پکڑنے کے لیے ایک آپریشن جاری کیا تھا۔
انسداد دہشت گردی کے محکمے نے بھی قتل کرنے کی کوشش پر اپنی تحقیقات شروع کر دی تھیں۔
متعلقہ سکول میں کلاسز بھی منسوخ کر دی گئی تھیں۔







