ریئلیٹی شو کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ، دو ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
معروف امریکی چینل ایم ٹی وی کے ایک ریئلیٹی شو میں استعمال ہونے والا ایک ہیلی کاپٹر ارجنٹائن کے ایک ذخائر میں جا گرا ہے اور اس کا پائلٹ اور ٹیکنیشن ہلاک ہو گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر کا حادثہ مغربی ارجنٹائن کے ’پوترریلوس دا مینڈوزا‘ ڈیم میں پیش آیا تھا۔
ایم ٹی وی کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر ان کے ایک شو ’دا چیلنج‘ کی شوٹنگ کے ایک مقام کے جانب سفر کر رہا تھا۔
امریکی چینل کا مزید کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں شو سے وابستہ کوئی شامل نہیں تھا۔
مینڈوزا کے صوبے کے سلامتی کے وزیر جیانی ورنیئر نے خبر رساں ادارے ’تلام‘ سے کہا کہ سمندر میں غوطہ خور ہلاک شدگان کی لاشیں برآمد کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
ہیلی کاپٹر کا ملبہ 60 میٹر کی گہرائی تک چلا گیا ہے۔
اس سال ارجنٹائن میں ریئلیٹی شو میں حصہ لینے والے ہیلی کاپٹرز کو پیش آنے والا یہ دوسرا احادثہ ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مارچ میں ارجنٹائن کے شمال مغرب میں لا ريوخا صوبے میں دو ہیلی کاپٹرز کے حادثے میں تین فرانسیسی شہریوں سمیت 10 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ہلاک شدگان میں فرانس کے تین مشہور کھلاڑی کشتی ران فلورینس سارٹو، تیراک کمِیل مف اور باکسر الیكسس ویسٹن بھی شامل تھے جبکہ بقیہ پانچ افراد کا تعلق ایک ٹی وی کمپنی سے تھا۔
آپس میں ٹکرانے والے دونوں ہیلی کاپٹر فرانسیسی چینل ٹی ایف ون پر نشر ہونے والے پروگرام ’ڈراپڈ‘ کے لیے شوٹنگ میں حصہ لے رہے تھے۔







