’افغانستان میں امن، مصالحت کے لیے سازگار ماحول کی ضرورت‘

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ایک بیان کے مطابق پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ جان برینن سے پیر کو ملاقات کی ہے۔
اس ملاقات کے دوران انھوں نے علاقے کو درپیش مسائل اور ان سے نمٹنے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔
جنرل راحیل شریف نے ورجینیا میں لینگلے کے مقام پر سی آئی اے کے ہیڈ کوراٹرز میں امریکی ایجنسی کے سربراہ سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے اپنے ٹویٹس میں کہا کہ اس ملاقات کے دوران چیف آف آرمی سٹاف نے بطور خاص خطے میں مستقل استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔
سلیم باجوہ کے مطابق جنرل راحیل شریف نے خطے میں افغان حکومت کی سربراہی میں افغانستان میں امن اور مصالحت کے لیے سازگار ماحول کی ضرورت پر زور دیا۔

،تصویر کا ذریعہAP
باجوہ کے مطابق سی آئی اے کے چیف نے جنرل راحیل سے خطے کے مستقبل اور دیر پا علاقائی امن کے مواقع پر بات کی اور افغان مصالحت کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
برینن نے ’ضرب عضب‘ کی کامیابیوں اور سکیورٹی پر اس کے مثبت اثرات کا اعتراف کیا۔
خیال رہے کہ چیف آف آرمی سٹاف ان دنوں امریکہ کے پانچ روزہ دورے پر ہیں۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق اس دورے میں وہ خطے میں اسلام آباد اور واشنگٹن کو درپیش سکیورٹی مسائل اور سیویلین ملیٹری تعلقات کی جہات پر بات کریں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ دورہ وزیر اعظم نواز شریف کی امریکی صدر براک اوباما سے اوول آفس میں ملاقات کے بعد ہو رہی ہے اور ان میں سکیورٹی سے متعلق بہت سی باتیں مشترک ہیں۔







