جرمن ریپر شام میں فضائی حملے میں ہلاک

،تصویر کا ذریعہEPA
امریکی دفاعی حکام نے شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے لیے لڑنے والے جرمن ریپ گلوکار ڈینس کسپرٹ کی ایک فضائی کارروائی میں ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
ڈینس کسپرٹ نے ایک پیغام میں صدر اوباما کو مارنے کی دھمکی دی تھی اور ان کا نام امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھا۔
حکام کے مطابق مسلمانوں کو شدت پسند تنظیم دولت اسلامہ کے لیے لڑنے کی ترغیب دینے والے ڈینس کسپرٹ کی موت 16 اکتوبر کو کیے جانے والے ایک فضائی حملے میں ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ سنہ 2010 میں اسلام قبل کرنے سے قبل وہ ’ڈیسو ڈاگ‘ کے نام سے جانے جاتے تھے۔
رواں برس فروری میں کسپرٹ کے بارے میں سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی ایک رپورٹ میں لکھا گیا تھا کہ ’ڈینس کسپرٹ کا شمار ایسے لوگوں میں ہوتا ہے جن کو دولت اسلامیہ اپنے گروہ میں شامل کرنا چاہتی ہے، ایسے لوگ جو اپنے ممالک میں جرائم میں ملوث رہ چکے ہوں اور پھر وہ شام اور عراق آ کر مزید سنگین جرائم کریں۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty
ادھر جرمنی کی وزارتِ داخلہ نے کسپرٹ کی ہلاکت کی تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں بھی کسپرٹ کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا تھا لیکن اسے بعد میں واپس لے لیا گیا تھا۔
ڈینس کسپرٹ سماجی رابطوں کی سائٹس کے ذریعے نوجوان یورپی مسلمانوں کو دولت اسلامیہ نامی شدت پسند تنظیم میں شمولیت کی ترغیب دیتے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کسپرٹ نے سنہ 2010 میں موسیقی کو خیر آباد کہہ دیا تھا اس سے قبل وہ سنہ 2006 میں امریکہ میں ریپر ’ڈی ایم ایکس‘ کے ساتھ اپنے فن کا مظاہرہ بھی کر چکے ہیں۔
جرمنی میں وہ اسلامی موسیقی کے حوالے سے نوجوان مسلمانوں میں مقبول تھے۔







