رومانیہ کے نائٹ کلب میں آتشزدگی سے 27 افراد ہلاک

واقعے میں زخمی ہونے والے کم سے کم 88 افراد کا مختلف ہسپتالوں میں علاج کیا جا رہا ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنواقعے میں زخمی ہونے والے کم سے کم 88 افراد کا مختلف ہسپتالوں میں علاج کیا جا رہا ہے

رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ کے ایک نائٹ کلب میں آتشزدگی سے کم از کم 27 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ تقریباً 150 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کے وقت نائٹ کلب میں جاری راک کنسرٹ سننے اور دیکھنے کے سینکڑوں افراد وہاں موجود تھے۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ہلاکتیں بھاگنے کی دوڑ میں کچلنے اور دھوئیں کے سبب دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ نائٹ کلب کے باہر افرا تفری کا ماحول تھا کیونکہ لوگ اپنے عزیزوں کی تلاش میں بے چین نظر آ رہے تھے۔

خبروں کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات میں سٹیج سے ہونے والی آتش بازی پر بھی شبہہ کیا جا رہا ہے۔

رومانیہ کے صدر کلوز آیوہانس نے اسے ملک کے لیے بہت بڑا صدمہ قرار دیا ہے۔

وزیر داخلہ نے سنیچر کی صبح اس واقعے پر غوروخوض کے لیے ایک ایمرجنسی میٹینگ طلب کی ہے۔

ایک عینی شاہد کا کہنا ہے کہ ہلاکتیں کچلنے اور دھوئیں کی وجہ سے ہوئی ہیں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنایک عینی شاہد کا کہنا ہے کہ ہلاکتیں کچلنے اور دھوئیں کی وجہ سے ہوئی ہیں

اس سے قبل رومانیہ کی پولیس اور طبی حکام کا کہنا تھا کہ جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب ہونے والے دھماکے کے بعد کلب میں آگ لگ گئی۔

ملک کے وزیرِ داخلہ گیبریئل اوپرا نے اور صحت کے وزیر رائلڈ عرفات نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

ان کے مطابق واقعے میں کم سے کم 155 افراد زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج کیا جا رہا ہے۔

رومانیہ کے میڈیا کے مطابق شاید کلب کے احاطے میں موجود آتش بازی کے سامان میں دھماکہ ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دھماکے کے وقت 400 کے قریب افراد کلب کے اندر موجود تھے اور یہاں ایک راک میوزک کا کنسرٹ ہو رہا تھا۔

واقعے میں بچ جانے والے ایک شخص کا کہنا تھا ’لوگوں کے کلب سے باہر بھاگنے سے بھگدڑ مچ گئی۔‘

رومانیہ کے صدر نے فیس بک پر اپنے پیغام میں واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا ’یہ ہماری قوم کے لیے اور ذاتی طور پر میرے لیے بھی ایک دکھ بھرا دن ہے۔‘