یمن میں فضائی حملے میں ایم ایس ایف کا ہسپتال تباہ

،تصویر کا ذریعہMedecins Sans Frontieres
عالمی امدادی تنظیم میڈیسنز سانز فرنٹیئرز (ایم ایس ایف) کا کہنا ہے کہ شمالی یمن میں کئی فضائی حملوں میں ان کا ایک ہسپتال تباہ ہوگیا ہے۔
عالمی تنظیم کے مطابق پیر کو ہونے والے پہلے حملے میں صدا صوبے میں ان کی ایک عمارت جو استعمال میں نہیں تھی کو نقصان پہنچا۔تاہم دس منٹ بعد ہونے والے دوسرے حملے سے قبل تمام اہلکاروں اور مریضوں کو وہاں سے نکال لیا گیا تھا۔
منگل کو ہسپتال کا دورہ کرنے کے بعد ایم ایس ایف کی صدا میں پراجیکٹ کوآرڈینیٹر میریم چیک نے بتایا کہ ’میں اندر نہیں جا سکی کیوں کہ ہمیں ڈر تھا کہ اندر کچھ ایسے بم ہو سکتے ہیں جو پھٹے نہ ہوں، لیکن میں اس بات کی تصدیق کرتی ہوں کے عمارت 99 فیصد تباہ ہو چکی ہے۔‘
یمن میں حوثی باغیوں کے ساتھ لڑنے والے سعودی اتحادیوں کی جانب سے اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
مارچ سے اب تک یمن میں جاری اس تنازع میں اب تک 5600 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں عام شہریوں کی تعداد 2615 ہے۔
منگل کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے عام شہریوں میں ایک تہائی تعداد اتحادیوں کی جانب سے کی جانے والی فضائی کارروائی کے نتیجے میں جبکہ باقی باغیوں اور ان کے اتحادیوں کے حملوں میں ہلاک ہوئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
صدا صوبے کے ضلع حیدان میں واقع امدادی تنظیم کا یہ ہسپتال جان پچانے کی سہولیات فراہم کرنے والا واحد ہسپتال اور یہاں تقریباً دو لاکھ افراد کو امداد فراہم کی جا چکی ہے اور ایک ہفتے کے دوران 150 کے قریب زخمی افراد کو لایا جاتا ہے۔
ایم ایس ایف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہسپتال میں موجود اہلکاروں اور دو داخل مریض پیر کی شب ہونے والے پہلے اور دوسرے فضائی حملے کے دوران عمارت سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔
عمارت سے نکلنے کے دوران ہسپتال کے ڈائریکٹر معمولی زخمی ہوئے ہیں۔







