مزاحیہ فنکار جمی موریلز گوئٹے مالا کے صدر منتخب

موریلز کے یادگار کرداروں میں ایک ایسے کام چور چرواہے کا کردار بھی ہے جو اتفاق سے ملک کا صدر بن جاتا ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنموریلز کے یادگار کرداروں میں ایک ایسے کام چور چرواہے کا کردار بھی ہے جو اتفاق سے ملک کا صدر بن جاتا ہے

سیاست میں پہلی بار قدم رکھنے والے ٹیلی وژن کے سابق مزاحیہ فنکار جمی موریلز نے گوئٹے مالا کے صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔

سابقہ خاتون اوّل سینڈرا ٹورس جن کے بارے میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ ان کا تعلق ملک کی غیر مقبول سیاسی اشرافیہ سے ہے کے مقابلے میں جمی موریلز نے 72 فیصد زیادہ ووٹ حاصل کیے۔

موریلز کی کامیابی کے واضح نتائج کو دیکھتے ہوئے ٹورس نے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے سے قبل ہی اپنی شکست تسلیم کر لی تھی۔

حالیہ انتخابات کا انعقاد صدر اوٹو پیریز مولینا کے استعفے کے ایک ماہ بعد کیا گیا ہے۔ ان پر سیاستدانوں اور کسٹم حکام پر مشتمل بدعنوانی کے گروہ کی سربراہی کا الزام ہے۔

تاہم سابق صدر نے کاروباری حضرات سے محصولات کی مد میں الزامات سے بچنے کے لیے رشوت لینے کے واقعات سے کسی بھی قسم کے تعلق سے انکار کیا ہے۔

ملک گیر مظاہروں کے نتیجے میں صدر پیریز مولینا کی عہدے سے برخواستگی کے بعد صدر منتخب ہونے والے موریلز کو ان کے ووٹرز ملک کے لیے ایک نئی شروعات کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

سابقہ خاتون اول کو جمی موریلز کے مقابلے میں 72 فیصد کم ووٹ پڑے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنسابقہ خاتون اول کو جمی موریلز کے مقابلے میں 72 فیصد کم ووٹ پڑے

ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد موریلز کا کہنا تھا کہ ’بطور صدر مجھے مینڈیٹ ملا ہے اور گوئٹے مالا کے عوام نے یہ اختیارات مجھے ان بدعنوانیوں کے خلاف دیے ہیں جو ہمیں اندر سے کھا رہی ہیں۔ خدا آپ پر کرم کرے اور آپ کا شکریہ۔‘

گوئٹے مالا کو سیاسی بحران سے نکالنے کے لیے رائے دہندگان کو باہر نکالنے کی کوششوں کے باوجود انتخابات میں ووٹوں کی تعداد بہت کم رہی۔

سینڈرا ٹورس کے خاوند الوارو کُولم کے دورِ صدارت میں سنہ 2008 اور 2012 کے دوران حکومتی سماجی منصوبے خاتون اوّل کے زیر نگرانی تھے۔

موریلز اپنے ووٹرز کو اپنے عاجزانہ پس منظر اور 14 سالہ فنی سفر کے دوران ٹیلی وژن پر پیش ہونے والے اپنے پروگراموں کے لطیفے سنا کے محظوظ کرتے رہے ہیں۔

تاہم انھیں اپنی چند ناقابل عمل پالیسیوں کی وجہ سے تنقید کا سامنا ہے۔ مثال کے طور پر اساتذہ کو جی پی ایس آلے کی مدد سے ٹریک کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا کہ وہ اپنی تمام کلاسز میں موجود ہیں شامل ہے جبکہ گوئٹے مالا کے ہر بچے کو آئی فون مہیا کرنا بھی ان کی پالیسی کا حصہ ہے۔

موریلز کے یادگار کرداروں میں ایک ایسے کام چور چرواہے کا کردار بھی ہے جو اتفاق سے ملک کا صدر بن جاتا ہے۔