جاپانی بھکشو کا نو دن کا روزہ

،تصویر کا ذریعہNTV News 24
اطلاعات کے مطابق ایک بدھ بھکشو نے بغیر کھائے، پیے یا سوئے نو دن گزار کر ایک کٹھن مذہبی امتحان پورا کر لیا ہے۔
برداشت کے اس امتحان کا نام ’ڈوئری‘ ہے، جس کا مطلب ’ہال میں داخلہ‘ ہے۔ تیندائی فرقے سے تعلق رکھنے والے بھکشو کوگین کاماہوری نے اس دوران بدھ دیوتا اکالا کے نام کا ایک لاکھ مرتبہ جاپ کیا۔
اخبار مائنیچی ڈیلی نیوز کے مطابق اس دوران انھوں نے نہ صرف کچھ کھایا پیا نہیں بلکہ وہ لیٹے تک نہیں۔ اس فرقے کا عقیدہ ہے کہ ڈوئیری سے گزر کر کوئی شخص اکالا کا اوتار بن سکتا ہے، یعنی ایک ایک طاقت ور، دانا جنگجو بادشاہ جو شعلوں میں لپٹی تلوار کی مدد سے اس مذہب کے لوگوں کا تحفظ کرتا ہے۔
رسم کے خاتمے پر جب 41 سالہ بھکشو سفید جبہ پہنے کوہِ ہائیے کے ایک تربیتی مرکز سے برآمد ہوئے تو چھ سو کے قریب افراد ان کا استقبال کرنے کے لیے موجود تھے۔ جاپان کے مرکزی جزیرے کے جنوب میں واقع یہ پہاڑ اس فرقے کے لیے مقدس سمجھا جاتا ہے۔
اخبار کے مطابق کاماہوری آٹھ برس کے عرصے میں پہلے اور 1945 کے بعد سے 13ویں ایسے شخص ہیں جنھوں نے یہ رسم مکمل کی ہے۔
کیودو نیوز سروس کے مطابق ڈوئیری سات سالہ تربیتی مہم کا حصہ ہے، جسے ہزار دن کا پیدل سفر کہا جاتا ہے۔ اس کے دوران بھکشو نروان حاصل کرنے کے لیے پہاڑ کے گرد ایک ہزار غیر مسلسل دنوں تک چکر کاٹتا رہتا ہے۔
کاماہوری نے 2011 میں اس مہم کا آغاز کیا تھا اور وہ جاپانی شہر اوتسو کی خانقاہ کے مرکزی بھکشو ہیں۔ انھیں اپنا سفر مکمل کرنے کے لیے ابھی مزید 48 ہزار کلومیٹر طے کرنا ہیں۔



