فلسطینیوں کا اسرائیل پر راکٹ حملہ

،تصویر کا ذریعہ
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ کے فلسطینی جنگجوؤں نے تیزی سے کشیدہ ہوتے ہوئے ماحول کے درمیان جنوبی اسرائیل میں راکٹ داغے ہیں۔
فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سنیچر کو سرحد پر رہنے والی اسرائیلی برادریوں کو ہوشیار رہنے کے لیے سائرن بجائے گئے لیکن راکٹ ایک کھلی جگہ پر گرا اور اس میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تنازعات اور حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
غزہ میں برسر اقتدار حماس کے رہنما اسماعیل ہنیا کا کہنا ہے کہ یہ ایک نیا انتفادہ جبکہ یروشلم سے بی بی سی کے نمائندے یولاندے نیل کا کہنا ہے کہ تشدد کی سطح ابھی اس حد تک نہیں پہنچی کہ اسے انتفادہ کا نام دیا جاسکے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
اس سے قبل غزہ میں دو سرحدی راستوں پر مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے چھ فلسطینیوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
اسرائیلی فوج کی ایک ترجمان کے مطابق فائرنگ سے 60 سے زیادہ افراد زخمی بھی ہوئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا کہنا تھا کہ فوجیوں نے فائرنگ اس وقت کی جب 200 کے قریب فلسطینی پتھراؤ کرتے ہوئے اور جلتے ٹائر لے کر سرحدی راستوں کی جانب بڑھے۔
یہ فلسطینی مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن کے فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے جمع ہوئے تھے۔
فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان کشیدگی میں حالیہ دنوں میں اضافہ ہوا ہے۔
گذشتہ چند دنوں میں فلسطینیوں کے اسرائیلیوں پر حملوں میں چار اسرائیلی ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہیں جبکہ غربِ اردن اور مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے میں سکیورٹی فورسز اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں کم از کم تین فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
پولیس کے مطابق جمعے کو پہلی بار فلسطینیوں کے حملوں کے جواب میں بھی حملے کا واقعہ پیش آیا ہے اور اسرائیلی شہر دیمونہ میں چار عرب افراد کو بظاہر ایک انتقامی حملے کا نشانہ بنے ہیں۔
پولیس نے حملے کے بعد ایک اسرائیلی مشتبہ شخص کو گرفتار بھی کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دیمونہ میں ہونے والا حملہ بظاہر ’ قومی عصبیت‘ کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ اس حملے میں دو اسرائیلی دیہاتی اور دو فلسطینی زخمی ہوئے تھے۔
دیمونہ کے حملے کے بعد بیت الخلیل کے قریب ایک یہودی بستی کے پاس ایک حملہ کیا گیا جس میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا جبکہ حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
دیگر واقعات میں یروشلم میں ایک 16 سالہ انتہائی قدامت پسند یہودی فرقے سے تعلق رکھنے والے لڑکے کو چاقو سے وار کر کے زخمی کیا گیا اور پولیس نے حملہ آور فلسطینی کو پکڑ لیا۔
اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو نے کہا کہ وہ ’معصوم عربوں پر تشدد کے واقعات کی سختی سے مذمت‘ کرتے ہیں۔ انھوں نے قانون توڑنے والوں کو انصاف کے دائرے میں لانے کا وعدہ کیا۔







